نئے مریضوں کی تعداد 2لاکھ کے پار،کئی ریاستوں میں حالات بے قابو،وبا پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری
نئی دہلی (ایجنسیاں)
ملک میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جارہا ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ریکارڈ 2 لاکھ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 200739نئے کیس درج ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 40لاکھ 74ہزار 564ہوگئی ہے۔ اس دوران 93528 مریض صحت مند ہوچکے ہیں ، جن کے ساتھ اب تک 12429564مریض کوروناسے نجات پاچکے ہیں۔ ملک میں کورونا کے سرگرم معاملات 13لاکھ کو عبور کرکے 1471877ہوچکے ہیں۔ اسی دوران مزید 1038کی موت سے اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 173123 ہوگئی ہے۔ ملک میں ری کوری کی شرح 88.31 فیصد اور فعال کیسوں کی شرح 10.46فیصد ہوگئی ہے، جبکہ اموات کی شرح 1.23فیصد رہ گئی ہے۔ مہاراشٹر کورونا کے فعال معاملوں میں سرفہرست ہے اور ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال کیسوں کی تعداد 19050 سے بڑھ کر 613635ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ریاست میں مزید 39624 مریض صحتمند ہوئے، جن کے ساتھ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 2905721 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مزید 278 مریضوں کی اموات سے یہ تعداد بڑھ کر 58804 ہوگئی ہے ۔
تمام تاریخی یادگاریں بند:
کورونا وائرس کے انفیکشن کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارت ثقافت نے ہندوستانی آثار قدیمہ کے سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ذریعہ محفوظ تمام یادگاروں کو 15مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے ثقافت پرہلاد سنگھ پٹیل نے ٹوئٹ کرکے آج یہ جانکاری دی۔ وہیں اے ایس آئی کی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کووڈ19- کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام تاریخی عمارتیں ومقامات اور اے ایس آئی کے تحت آنے والے میوزیموںکو 15 یا آئندہ ہدایت تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران 3693 یادگاریں، 50 میوزیم 15تک بند رہیں گے۔
ٹیکم گڑھ میں 5دن کا لاک ڈاؤن:
ٹیکم گڑھ کے ضلع کلکٹر سبھاش کمار دویدی نے بتایا کہ14اپریل کی شام سے 19 اپریل کی صبح 6 بجے تک کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کورونا کیسز میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔سی ایم ایچ او ڈاکٹر ایس کے چورسیا کی جانب سے جاری ہیلتھ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ ضلع میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر کورونا کے 143 ایکٹیو کیسز پائے گئے ہیں۔ ضلع میں کووڈ19-سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
پنا میں22اپریل تک کورونا کرفیو:
مدھیہ پردیش کے ضلع پنا میں کورونا وائرس کی سنگینی کے پیش نظر کلکٹر سنجے کمار مشرا نے 15اپریل کی رات سے 22اپریل کی صبح تک کورونا کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔کلکٹر مشرا نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ریاستی حکومت کے معدنیات کے وزیر اور ضلع پنا کے کورونا انچارج برجندر پرتاپ سنگھ کے ساتھ میٹنگ میں لیا گیا ہے۔ضلع انتظامیہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع میں کورونا کیسز کی رفتار میںبہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
NEET -PGبھی ملتوی:
18اپریل کو ہونے والے نیشنل الیجبل لیٹی کم انٹرینس ایگزام(این ای ای ٹی)-پی جی کو بھی فی الحال ملتوی کردیاگیاہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے جمعرات کو جانکاری دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے نوجوان میڈیکل طلبا کے صحت کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیاہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS