بارش: دہلی اور این سی آر کے لیے ‘یلو الرٹ’ جاری

0

نئی دہلی:(یو این آئی) ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ (این سی آر) میں جمعہ کو مسلسل دوسرے دن ‘یلو الرٹ’ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس خطہ میں بارش شمال مغربی مدھیہ پردیش اور جنوب مغربی اتر پردیش میں طوفانی گردش کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ “یہ حالت اگلے 24 گھنٹوں (ہفتہ تک) اسی علاقے میں برقرار رہنے کا بہت امکان ہے۔”
محکمہ نے ٹویٹ کیاکہ “تازہ بادل دہلی کے قریب پہنچ رہا ہے، جس کی وجہ سے اگلے 3-4 گھنٹوں کے دوران دہلی اور این سی آر کے مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی لیے پوری رات بارش ہوتی رہی۔”جمعرات سے مسلسل بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جس سے شہر کی اہم سڑکوں اور ہریانہ کے فرید آباد اور گروگرام سے ملحق علاقوں میں ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔
دہلی ٹریفک پولیس نے بھی شہر کے مختلف حصوں میں ٹریفک کی صورتحال اور پانی جمع ہونے کے بارے میں مسافروں کی رہنمائی کے لیے ٹویٹر کا بھی سہارا لیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کیاکہ “ٹریفک الرٹ: محکمہ کی رپورٹ کے مطابق دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اسی کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔‘‘
کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے مسافروں کو دارالحکومت کے ان حصوں سے بچنے کا مشورہ دیا:
1. شانتی ون سے ہنومان مندر کیریج وے پر ہنومان سیتو کے قریب 2۔ لباسپور انڈر پاس، 3. مہارانی باغ تیمور نگر کٹ، 4. سی ڈی آر چوک، مہرولی گروگرام کی طرف، 5. اندھیریا موڑ وسنت کنج کی طرف، 6. نظام الدین پل کے نیچے، 7. پٹرول پمپ کے قریب سنگھو بارڈر اور 8. ایم بی روڈ سے سینک فارمز کیریج وے کی طرف۔
ایک سرکاری حکم نامے میں اعلان کیا گیا ہے کہ دہلی سے متصل اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں آٹھویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکول جمعہ کو بارش کی وجہ سے بند رہیں گے۔
گروگرام میں بھی تمام نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ یہاں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔ نیشنل ہائی وے 48 کے کئی حصے بالخصوص نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS