ٹرین میں ننوں کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ
پرینکا گاندھی کی بی جے پی اور آر ایس ایس پر تنقید
کروناگاپلی، (پی ٹی آئی) : کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی نے کیرل کی ننوں کے ساتھ مبینہ طور پر ہونے والی بدسلوکی کے معاملے پر منگل کو بی جے پی اور آر ایس ایس کی تنقید کی اور دعویٰـ کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے واقعہ کی مذمت اس لیے کی کیونکہ الیکشن سر پر ہے۔
کولم ضلع کے کرونا گاپلی میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ الیکشن کا وقت ہے، اس لیے جب جھانسی میں ننوں کو ٹرین سے اتارا گیا اور ان کے ہی لوگوں کے ذریعہ پریشان کیا گیا تب مرکزی وزیر نے اسے غلط بتایا۔ باقی وقت وہ اس طرح کے سلوک کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’بی جے پی کی یوتھ اکائی کے لوگوں کو کس نے اجازت دی کہ وہ ٹرین میں خواتین کو پریشان کریں؟ کس نے انہیں اختیار دیا کہ ننوں اور ان کے ساتھ کی لڑکیوں کے کاغذ کی جانچ کریں؟‘پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’کس نے انہیں ان کا مذہب پوچھنے کی اجازت دی؟ کیا ہم یہ مان کر چل رہے ہیں کہ ہمارے ملک میں خواتین کسی کے ذریعہ پریشان کیے بغیر ٹرین میں سفر نہیں کر سکتیں اور انہیں کچھ غنڈوں کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کس کے لیے عقیدت رکھتی ہیں؟‘
کانگریس رہنما نے کہا کہ انہوں ن ننوں سے فون پر بات کی تھی اور انہوں نے بتایاکہ وہ فکرمند ہیں۔ پرینکا نے کہاکہ انہیں (ننوں کو) ٹرین سے اتارا گیا، وہ ڈری ہوئی تھیں اور ان کی سکیورٹی کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی اور آر ایس ایس خواتین کی سکیورٹی کو لے کر کھوکھلے بیان دیتے ہیں تو وہ جھوٹا ہی ہوتا ہے کیونکہ وہ خواتین کا احترام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے وقت کے علاوہ باقی وقت وہ (بی جے پی) یہی کہتے ہوئے بتاتے ہیں کہ خواتین کو کیا پہننا چاہیے، کیا کام کرنا چاہیے، کہاں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کے وزیر خواتین کی جینس پر بیان دیتے ہیں۔ ان کے ایک وزیر نے کہا تھا کہ ایک قانون ہونا چاہیے کہ جب خواتین ضلع سے باہر جائیں تو انہیں پولیس میں رجسٹریشن کرانا چاہیے۔‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خواتین کی شناخت کا احترام نہیں کرتی۔ پرینکا گاندھی کیرل میں 6اپریل کو ہونے والے اسمبلی الیکشن کے لیے تشہیر کرنے کے لیے آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS