نئی دہلی، (پی پی ٹی آئی): کووڈ19- وبا پر لگام کسنے کے لیے ٹیکہ کاری کی شروعات کے باوجود ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 2021 میں 2019 کی سطح سے نیچے رہنے کے آثار ہیں۔ یہ بات ایشیا اور بحرالکاہل خطہ کے لیے اقوام متحدہ اقتصادی و سماجی کمیشن (یو این ای ایس سی اے پی)کی منگل کو جاری ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
’ایشیا اور بحرالکاہل خطہ کے لیے اقتصادی و سماجی سروے، 2021: کووڈ19- کے بعد مضبوط معیشت کی جانب‘ کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ہندوستان کی اقتصادی شرح نمو 2021-22 میں 7 فیصد رہنے کا اندازہ ہے جبکہ رواں مالی سال (2020-21) میں وبا اور عام کاروباری سرگرمیوں پر اس کے اثر کے سبب اس میں 7.7 فیصد سے زائد گراوٹ ہونے کا اندازہ ہے۔ رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ ہندوستان میں وبا کا حملہ شروع ہونے سے پہلے جی ڈی پی اور سرمایہ کاری دھیمی پڑ چکی تھی۔ ’کورونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے ہندوستان میں جو لاک ڈائون لگایا گیا، وہ دنیا میںلگائے گئے سب سے سخت’’لاک ڈائون‘‘میں سے ایک تھا۔ اس کے سبب 2020 کی دوسری سہ ماہی (اپریل-جون) میں اقتصادی رکاوٹیں اپنی بلندی پر تھیں۔‘
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بعد میں لاک ڈائون پالیسیوں میں تبدیلی اور انفیکشن کی شرح میں کمی سے تیسری سہ ماہی سے اقتصادی بحالی کو رفتار ملی۔ حالانکہ سالانہ بنیاد پر صفر کے قریب شرح نمو کے اندازہ کے ساتھ چوتھی سہ ماہی میں بحالی کی رفتار ہلکی پڑی۔ رپورٹ کے مطابق ’کووڈ19- معاملوں میں اچھی خاصی کمی اور ٹیکہ کاری شروع ہونے کے باوجود 2021 میں ہندوستان کی اقتصادی پیداوار (جی ڈی پی) 2019 کی سطح سے نیچے رہنے کا اندازہ ہے۔‘ قومی شماریات دفتر (این ایس او) کے دوسرے عبوری اندازہ کے مطابق 2020-21 میں ہندوستان کی شرح نمو میں 8 فیصد کی گراوٹ آئے گی۔ یہ وبا کے اثر کو بتاتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین نے کووڈ19- سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے۔ اس سے وہ دنیا میں واحد بڑی معیشت والا ملک ہے جو 2020 میں مثبت شرح نمو حاصل کرنے کے اہل ہو پایا۔ صنعتی پیداوار، بنیادی ڈھانچہ اور رہائش سرمایہ کاری میں مضبوط بحالی اور نجی کھپت میں کچھ بہتری سے چوتھی سہ ماہی میں اس کی شرح نمو 6.5 فیصد رہی جو وبا سے قبل نمو کی شرح سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ترقی پذیر ایشیا-بحرالکاہل خطہ کی معیشتوں کی شرح نمو اوسطاً 2021 میں 5.9 فیصد جبکہ 2022 میں 5 فیصد رہے گی۔ وہیں 2020میں ایک فیصد کی گراوٹ کا اندازہ ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 2021 میں مضبوط بحالی کی امید کے باوجود اقتصادی حالت میں بہتری کی شرح اتار چڑھائو بھری رہنے کا امکان ہے۔ اس میں وبا کے بعد بحالی میں غریب ممالک اور محروم طبقہ کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مضبوط اور جامع بحالی کے لیے مختلف ملکوں میں کووڈ19- ٹیکہ کاری میں زیادہ تال میل اور علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس میں سفارش کی گئی ہے کہ معیشتوں کو مالیاتی حمایت جاری رکھا جانا چاہیے کیونکہ وقت سے پہلے ان اقدامات کو واپس لینے سے طویل مدتی مسائل بڑھ سکتے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS