شادی کی کم از کم عمر کے فیصلے پر خواتین خوش، کچھ لوگ پریشان: نریندر مودی

    0

    پریاگ راج (ایس این بی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے سنگم کی سرزمین سے ریاست بھر کی خواتین کو خوشحال زندگی گزارنے کی سوغات دی۔ انہوں نے خواتین کو خودکفیل بننے کا پیغام دیا اور استحکام مہم کے لئے تعاون بھی مانگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین شادی کی عمر 21 سال کرنے سے متعلق سرکار کے فیصلے سے خوش ہیں، لیکن اس سے کچھ لوگوں کو پریشانی ہورہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ڈبل انجن کی حکومت میں اب یوپی کی ترقی کی دھارا رکنے والی نہیں ہے۔پریاگ راج میں تروینی باندھ کے نیچے پریڈ میدان میں منگل کو منعقد ’ماتر شکتی کے مہا کمبھ‘ میں وزیر اعظم نے ریاست بھر سے آئیں تقریباً تین لاکھ خواتین سے خطاب کیا۔ یوپی اسمبلی الیکشن سے پہلے خود رو زگار اور خواتین استحکام کو فروغ دینے کے لئے یہ پروگرام بی جے پی حکومت کے لئے ایک بڑی پہل کی شکل میں دیکھا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے بی سی سی سکھیوں، خودامدادی گروپ، کنیاسومنگلا اسکیم کی مستفید خواتین سے براہ راست مکالمہ کرکے ریاست بھر کی خواتین کی زندگی کو خوشحال بنانے کا پیغام بھی دیا۔ وزیر اعظم نے اپنے نصف گھنٹے کے خطاب میں خواتین کی زندگی کو مستحکم اور خودکفیل بنانے کے لئے حکومت کے ذریعہ کی گئی پہل کی تفصیلی معلومات فراہم کی۔ انہوں نے خواتین تحفظ، وقار اور خود انحصاری کیلئے یوگی حکومت کی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یوپی میں خواتین استحکام کے لئے جو کام ہوا ہے اسے پورا ملک دیکھ رہا ہے۔ 5سال قبل یوپی کی سڑکوں پر غنڈوں کا راج تھا، بیٹیوں کا اسکول و کالج جانا مشکل تھا۔ یوگی نے غنڈوں کو ان کی صحیح جگہ پہنچایا ہے۔مودی نے کہا کہ یوپی کی ترقی کی دھارا اب کسی کے روکنے سے رکنے والی نہیں ہے۔ آج یوپی میں تحفظ بھی ہے، حق بھی ہے، امکانات بھی ہیں اور تجارت بھی ہے۔ پی ایم نے کہا کہ ہمارے یہاں ایسی روایت رہی کہ گھر اور ہر جائیداد پر صرف مردوں کا ہی حق تھا، اب ہماری حکومت اس عدم مساوات کو دور کر رہی ہے۔ وزیر اعظم رہائشی اسکیم اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ اس میں ترجیحی بنیاد پر خواتین کے نام سے گھر کی رجسٹری ہوتی ہے۔ یوپی میں 30 لاکھ سے زائد گھر اس اسکیم کے تحت تعمیر ہوئے جہاں 25 لاکھ گھروں کی رجسٹری خواتین کے نام سے ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہی استحکام ہے، یہی ترقی ہے۔ بیٹیوں کی شادی کی عمر 18 سال تھی۔ بیٹیاں چاہتی تھیں کہ انہیں بھی آگے بڑھنے کے لئے وقت بڑھے اس لئے شادی کی عمر 21 سال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے بٹن دبا کر 1.60 لاکھ خواتین خود امدادی گروپوں کی مدد کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے آن لائن ٹرانسفر کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے کنیاسومنگلا اسکیم کے تحت 1.01 لاکھ نئے مستفیدین کو 20 کروڑ روپے آن لائن ٹرانسفر کئے۔ پروگرام میں وزیر اعظم نے 43 اضلاع کے 202 ترقیاتی بلاکوں میں ٹیک ہوم راشن پلانٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS