پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں80پیسے فی لیٹر اور ایل پی جی کی قیمت میں 50روپے فی سلنڈرکا اضافہ

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں منگل کو 80-80پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیاگیاہے۔ وہیں گھریلو رسوئی گیس کی قیمت 50روپے فی سلنڈر بڑھائی گئی ہے۔ ذرائع نے یہ جانکاری دی۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے روپے پر دباؤ کی وجہ سے ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج 137دنوں کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں دونوں ایندھن کی قیمتوں میں 80-80پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد دارالحکومت میں پٹرول 80پیسے بڑھ کر 96.21روپے فی لیٹر اور ڈیزل 80پیسے اضافے کے ساتھ 87.47روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے ۔ ممبئی میں پٹرول 84پیسے بڑھ کر 110.82روپے فی لیٹر اور ڈیزل 82پیسے بڑھ کر 95روپے فی لیٹر ہو گیا ہے ۔ چنئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 76پیسے بڑھ کر بالترتیب 102.16روپے اور 92.19روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہیں۔ اسی طرح کولکاتہ میں پٹرول 84پیسے بڑھ کر 105.51روپے فی لیٹر اور ڈیزل 83پیسے بڑھ کر 90.62روپے فی لیٹر ہو گیا ہے ۔مرکزی حکومت کے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5روپے اور 10روپے کی کمی کا اعلان کرنے کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں 4نومبر 2021کو تیزی سے کمی آئی تھی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت کے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ ) کو کم کرنے کے فیصلے کے بعد دارالحکومت دہلی میں بھی ویٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد دارالحکومت میں 02دسمبر 2021کو پٹرول تقریباً 8 روپے سستا ہوا تھا۔دوسری جانب قومی راجدھانی دہلی میں بنا سبسڈی والے 14.2کلو گرام کے رسوئی گیس کی قیمت بڑھا کر 949.50 روپے کردی گئی ہے۔ ایل پی جی کی شرح میں آخری بار 6اکتوبر 2021کو ترمیم کی گئی تھی۔ وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 4نومبر سے مستحکم تھیں۔ ایل پی جی کی قیمت جولائی اور اکتوبر 2021 کے درمیان فی سلنڈر 100 روپے کے قریب بڑھ گئی تھی۔تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اس کے بعد اتر پردیش اور پنجاب سمیت 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے پیش نظر ان کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا تھا۔ ادھر روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر تیل اور قدرتی گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی وجہ سے خام تیل 13سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور اب بھی 100ڈالر فی بیرل کے آس پاس ہے۔ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے حال ہی میں یورپ اور امریکہ کی طرف سے روس پر عائد پابندیوں کے درمیان روس سے خام تیل کی خرید کی ہے ۔ روس اس وقت تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم قیمت پر خام تیل فروخت کر رہا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6بجے سے نافذ کی جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS