دہلی دنیا کی سب سے آلودہ راجدھانی، 50سب سے آلودہ شہروںمیں ہندوستان کے35شہر

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : ہندوستان کی راجدھانی دہلی مسلسل چوتھے سال دنیا کی سب سے آلودہ راجدھانی رہی ہے۔ صرف یہی نہیں، دنیا کے سب سے زیادہ 50آلودہ شہروںمیں سے 35 ہندوستانی شہر ہیں۔آئی کیو اے آئی آر کی تازہ رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے۔ یواین انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے دنیا بھر کے شہروں کی ایئر کوالٹی رینکنگ منگل کو جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں دہلی کو دنیا کی کیپٹل سٹی کے طور پر سب سے زیادہ آلودہ شہر بتایا گیا ہے۔منگل کو جاری ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ میں ڈبلیو ایچ او کے پیمانوں پر ہندوستان کا ایک بھی شہر کھرا نہیں اترا ہے۔ ایئرکوالٹی رینکنگ میں ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی (85.5) کو سب سے آلودہ شہر کے طور پر رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ (78.1)اور تیسرے نمبر پر براعظم افریقہ کے چاڈ ملک کی راجدھانی اَن جامینا (77.6) کو رکھا گیا ہے۔ 2021 کی ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ میں 117ملکوں کے 6475 شہروں کا ڈیٹا شامل کیاگیا۔ اس رپورٹ میں 20 سے 35 فیصد شہرپی ایم 2.5 پولیوشن کو وہیکل پولیوشن کی شکل میں ریکارڈ کیاگیا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ نئی دہلی میں 2021 میں پی ایم (پارٹیکولیٹ میٹر) یعنی ذرات کا مادہ 2.5کنسنٹریشن میں 14.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پی ایم 2.5، 2020 میں 84مائیکروگرام فی کیوبک میٹر سے بڑھ کر 96.4 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر ہوگیا ہے۔ وہیں ریکارڈ کے مطابق ہندوستان کا سالانہ پی ایم 2.5 اوسط2019 میں ناپی گئی کنسنٹریشن پر واپس آگیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دنیا کے آلودہ شہروں میں چوتھے نمبر پر تاجکستان کا دوشانبے، پانچویں پر اومان کا مسقط، چھٹے پر نیپال کا کاٹھمنڈو، ساتویں پر بحرین کامناما، 8ویں پر عراق کا بغداد، 9ویں پر کرغستان کا بسکیک اور دسویں پر ازبکستان کا تاشقند شہر ہے۔ وہیں آلودگی کے معاملے میں پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد 11ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی راجدھانی ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی سے بھی زیادہ صاف ستھری ہے۔ گرین پیس انڈیا کے کمپین منیجر اویناش چنچل نے آئی کیو اے آئی آرکے حالیہ اعدادوشمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ رپورٹ سرکاروں اور میونسپل کارپوریشنوں کیلئے ایک وارننگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک بار پھر اجاگر کررہا ہے کہ لوگ خطرناک طریقے سے آلودہ ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔ ہندوستان میں گاڑیوں کی سالانہ فروخت بڑھنے کی امید کے ساتھ ہی ایئرکوالٹی بھی متاثر ہورہی ہے۔ اس کیلئے اگروقت پر اصلاحی تدابیر نہیں کی گئیں تو صورتحال اور بھی مشکل ہوسکتی ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS