Image:livelaw.in

نئی دہلی (یو این آئی) : اسپتالوں میں ڈاکٹروں کے علاوہ علاج مہیا کرنے میں 56طرح کی اسسٹنٹ سروسیز سے وابستہ افراد کو قانونی درجہ دینے والا ایک بل بدھ کے روز لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے وقفہ سوال کے بعد ایوان میں قومی معاون اور صحت حفاظت پیشہ ور کمیشن بل 2021پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آزادی کے بعد سے اسپتالوں میں کام کرنے والے معاون صحت اہلکاروں کو قانونی درجہ نہیں دیا گیا۔ لیب ٹیکنیشین، ریڈیولاجسٹ، فیزیوتھیراپسٹ، ڈائی ٹیشین، ایکسرے ٹیکنیشین، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی ٹیکنیشین وغیرہ صحت خدمات مہیا کروانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ وبا کے دوران ان صحت اہلکاروں نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اس لیے 2021میں بین الاقوامی صحت اہلکار سال کے موقع پر اس بل کو لانا بہت اہم قدم ہے ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اس بل میں قومی معاون اور صحت حفاظت پیشہ ور کمیشن بنانے کی تجویز ہے، جو یکساں ریگولیٹری نظام کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے علاوہ مرکز اور ریاستوں کی سطح پر معاون اہلکار اور صحت حفاظت پیشہ ور صلاح کار کونسل تشکیل دی جائے گی۔ اس کے ذریعے سے صحت اہلکاروں کی ٹریننگ اور ہنر فروغ کے ذریعے سے کریئر میں ترقی، ملک اور بیرون ملک میں روزگارکے امکانات میں اضافے کے راستے کھلیں گے۔ صلاح کار کونسلوں کے ذریعے سے صحت اہلکاروں کی ٹریننگ کے اداروں کا تجزیہ اور ریٹنگ کا نظام بنے گا اور اس طرح سے صحت اہلکاروں میں انقلابی بہتری آئے گی۔
کانگریس کے رہنما سریش نارائن نے کہا کہ ڈاکٹر اور آلے کے بعد طبی شعبے میں سب سے زیادہ اہم صحت اہلکار ہوتے ہیں۔ حکومت نے ان صحت اہلکاروں کی ترقی کیلئے یہ اقدام کیا ہے، جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کی مخالفت کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ بل بنانے میں اسٹینڈگ کمیٹی کی 90فیصد سفارشات قبول کرکے بل میں شامل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس کے بعد اسپتالوں میں علاج کی من مانی قیمت پر قدغن لگانے کے بارے میں غور و خوض کرنا چاہیے اور امراض کے علاج کیلئے چارج کی زیادہ سے زیادہ حد متعین کی جانی چاہیے۔ اس سے ان مریضوں کی جان بچ سکے گی، جو پیسے کی کمی کے سبب علاج بیچ میں چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں صحت اہلکاروں نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا۔ کئی اہلکاروں کی جان بھی چلی گئی۔ اس کیلئے ان کے اہل خانہ کو معاوضے کا بھی انتظام کیا جانا چاہیے۔ بی جے پی کے رکن ڈاکٹر سبھاش بھامرے نے کہا کہ صحت اہلکاروں کیلئے اعلیٰ معیار کی ٹریننگ کا انتظام ہونا چاہیے اور وقت وقت پر ٹیکنالوجی کی تبدیلی کے ساتھ انھیں نئی ٹریننگ دیتے رہنا ہوگا۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ صحت اہلکاروں کے اہل خانہ کو سماجی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS