نئی دہلی: بیمہ کمپنیوں میں غیر ملکی پونجی کی حد بڑھانے والے بیمہ ترمیمی بل 2021کے سلسلے میں راجیہ سبھا میں جمعرات کو کانگریس سمیت اپوزیش پارٹیوں نے شدید ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی پہلے 10منٹ اور پھر 3 بجے تک کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔ظہرانے کے وقفے کے بعد ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر خزانہ سیتا رمن کا نام بحث کے مقصد سے بل پیش کرنے کیلئے پکارا تو اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم بل ہے ، لہٰذا اسے ایوان کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جانا چاہیے۔ اس سے پہلے کانگریس کے ہی رکن شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ اس بل کو ترمیمی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے اور اراکین کو اسے پڑھنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ حالانکہ ہری ونش نے اسے خارج کر دیا اور کہا کہ یہ بل دو تین دن پہلے ایوان میں پیش ہو چکا ہے۔اس درمیان محترمہ سیتا رمن نے بل کو بحث کیلئے پیش کر دیا۔
بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجنے کے مطالبے کی حمایت میں کانگریس اور اپوزیشن کے دیگر اراکین چیئر کے سامنے آ گئے اور نعرے بازی کرنے لگے ۔ اس دوران ڈی ایم کے ’کے رہنما تیروچی شیوا نے انتظام کا سوال اٹھا دیا۔ بی جے پی کے رہنما بھوپیندر یادو نے کہا بیمہ بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے اور اسے کئی کمیٹیوں اور کمیشنوں نے جانچا ہے اور اس کی سفارش کی ہے ۔اس درمیان کانگریس اور اپوزیشن کے اراکین نعرے بازی کرتے رہے ۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں انتظام ہونے پر ہی انتظام کا سوال سنا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اراکین سے خاموش ہونے کی اپیل کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنی سیٹوں پر جائیں تاکہ بل پر بحث ہو سکے ۔ لیکن اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ جاری رہا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایوان کی کاروائی 14:32بجے 10منٹ کے لیے ملتوی کر دی۔اس کے بعد ایوان کی کاروائی شروع ہونے پر مسٹر ہری ونش نے ایوان کی کاروائی تین بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS