دہلی خواتین کمیشن نے معصوم بچی کی جان بچائی

0
image:timesnow

نئی دہلی: (یواین آئی) دہلی خواتین کمیشن نے یہاں نریلا علاقہ سے ایک نومولود معصوم بچی کی جان بچائی اور اس معاملے میں دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال نے کہا ، “یہ بہت شرمناک اور افسوسناک ہے کہ کوئی ایک دن کی چھوٹی معصوم بچی کو اس طرح کیسے پھینک سکتا ہے۔ اس طرح کے واقعات کافی تکلیف دہ ہیں۔ یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور اس معاملے کے ملزموں کو سخت ترین سزا دی جانی چاہیے۔ کمیشن معصوم بچی کا علاج کروا رہا ہے ۔ دہلی خواتین کمیشن کی 181 ہیلپ لائن پر ایک فون کے ذریعہ آج صبح بتایا گیا کہ نریلا کے علاقے میں کسی نے ایک نوزائیدہ بچی کو جھاڑیوں میں پھینک دیا ہے۔ کمیشن کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پولیس کے ساتھ مل کر بچی کو بچایا۔ معصوم کو یہاں امبیڈکر اسپتال میں داخل کرایا گیا اور کمیشن کی ٹیم بچی کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی خواتین کمیشن نے بھی اس معاملے میں دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے اور معاملے میں کارروائی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ نوٹس میں کمیشن نے ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS