پروفیسراخترالواسع کا وزیراعظم مودی کو خط، بیرون ملک سے آئے تبلیغی جماعت ممبران کو وطن واپسی کی درخواست

0

جودھپور: مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے صدر اور وائس چانسلر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے وزیر اعظم نریندر 
مودی کو ارسال کردہ خط میں کورونا وائرس سے لڑی جانے والی جنگ میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تبلیغی جماعت 
میں جوغیرملکی ہمیشہ کی طرح آئے اور اچانک کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ ہونے والے پبلک کرفیو اورلاک ڈاؤن کی وجہ سے الگ الگ مقامات پر 
پھنس گئے اور جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں ان کے خلاف پولیس نے مقدمات قائم کر کے انہیں جیلوں میں ڈال دیا ہے، ان کے 
پاسپورٹ اور دیگر دستاویزبھی ضبط کرلیے ہیں، اس سے کوئی مناسب اور مثبت پیغام ان ملکوں میں نہیں جائے گا جن سے ان کا تعلق ہے۔ اس لیے وزیر 
اعظم مرکزی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے حکام کو ہدایت دیں کہ ان کے خلاف تمام مقدمات واپس لے کر ان کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔
 اسی طرح اپنے ملک میں تبلیغی جماعت سے وابستہ جن لوگوں کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی ہے اس کو بھی واپس لے کر ان کو گھر 
واپسی کو فوراً موقعہ دیا جائے۔
 انہوں نے اس کے علاوہ اپنے اس خط میں مطالبہ کیا ہے کہ دہلی، یوپی اور دیگر ریاستوں میں جن لوگوں کو سی اے اے، این پی آر اور این آر 
سی کی مخالفت میں جمہوری اقدار کی نفی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے اورسخت سے سخت دفعات ان کے خلاف عائد کی گئی ہیں ان کی بھی رہائی کا 
فوری طورپر انتظام ہونا چاہیے۔
 انہوں نے وزیر اعظم سے گزارش کی ہے کہ عید کے موقع پر آپ اگر ایسا کراتے ہیں تو اس سے غیر ممالک میں ہمارے وطن عزیز کیلئے 
خیرسگالی اور آپ کے لیے قدردانی کے جذبات پیدا ہوں گے اور ملک کے اندر بھی محبت و مفاہمت کی ایک نئی شروعات ہوگی۔ رمضان کے مبارک مہینے 
اور عید کی نیک ساعتوں میں آپ سے میں بجا طور پر یہ امید رکھتا ہوں کہ آپ ان معروضات پر نہ صرف ہمدردانہ غور فرما کر ضروری احکامات 
صادر فرمائیں گے بلکہ آپ کے”سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس“کے قول اور نظریے کو عملی طور پر بھی تقویت ملے گی۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS