صحافیوں کو کووڈ فرنٹ لائین وارئیرز تسلیم کیاجائے

0
image:thenewsminute.com

حیدرآباد۔: (یواین آئی) ’فری پریس ایڈیٹرس اینڈ جرنلسٹس فیڈریشن‘نے حکومت تلنگانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں کو فوری طور پر کووڈ فرنٹ لائین وارئیرز تسلیم کرے اور وباء کے دوران مرنے والے صحافیوں کے ورثاء کو 20لاکھ روپئے ایکس گریشاء دینے کا اعلان کرے۔ کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات پر صدر فیڈریشن جناب طاہر رومانی نے اطمینان کا اظہار کیا تاہم حکومت کی جانب سے ریاست بھر کے صحافیوں کے ساتھ اپنائے گئے رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پریس کونسل آف انڈیا نے بھی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوے زور دیا ہے کہ وہ صحافیوں کو کوویڈ سے جنگ لڑنے والوں کے زمرہ میں شامل کرتے ہوے ان کے لئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے۔ فیڈریشن کی جانب سے ہنگامی طور پر منعقد کئے گئے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوے طاہر رومانی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت روزِ اول سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے صرف وعدے کرتی آئی ہے لیکن ان وعدوں کو کبھی پورا نہیں کیا گیا۔ جنرل سکریٹری فیڈریشن آصف علی نے فیڈریشن کے ذمہ داروں اور اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوے کہا کہ حکومت اوڈیشہ نے اپنے مسلمہ صحافیوں کو کوویڈ فرنٹ لائین وارئیرز تسلیم کرتے ہوے انھیں 2لاکھ روپئے پر مشتمل ہیلت انشورنس اور کوویڈ سے فوت ہونے والے صحافیوں کے ورثاء کو 15لاکھ روپئے ایکس گریشیاء دینے کا اعلان کیا ہے، اسی طرز پر مدھیہ پردیش، گووا،بہار اور تاملناڈوحکومتوں نے بھی صحافیوں کو کوویڈ فرنٹ لائین وارئیر کا درجہ دیتے ہوے ان کی بھلائی اقدامات کا اعلان کیا ہے، تلنگانہ حکومت سے وہ اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اپنی جان جوکھم میں ڈالتے ہوے خبروں کے کوریج کرنے والے صحافیوں کی خدمات کو تسلیم کریں۔جوائنٹ سکریٹری فیڈریشن صاحبزادہ سید مبارک اللہ برکت نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاون اور کرفیو کے دوران طبی ماہرین کی جانب سے دئے گئے رہنمایانہ خطوط پر ہی خبروں کے کوریج کو یقینی بنائیں۔انھوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 200سے زائد صحافی کورونا کی دوسری لہر کے دوران پازیٹیو ہوے ہیں جب کہ متاثرہ صحافیوں میں 10سے زائد صحا فیوں کی موت واقع ہوئی ہے، تلنگانہ حکومت نے مرنے والے صحافیوں کے ورثاء کو فی کس 2لاکھ روپئے ایکس گریشاء کا اعلان کیا ہے تا ہم یہ ناکافی ہے۔ فیڈریشن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کوویڈ پازیٹیو پائے جانے والے صحافیوں کو 2لاکھ روپئے مالی امداد اور کارپوریٹ اسپتال میں مفت علاج جبکہ فوت ہونے والے صحافیوں کے ورثاء کو 20لاکھ روپئے ایکس گریشاء منظور کیا جائے۔ فیڈریشن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے لئے کورونا ٹیکہ اندازی کا علحدہ طور پر نظم کریں تاکہ 100فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس اجلاس میں فیڈریشن کے مشیر اعلی سید حیدر علی رضوی، نائب صدر ایس ایس کے حسینی اقبال کے علاوہ دیگر ذمہ داران اور اراکین بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS