سابق وزیرِ خزانہ کے فرزند کووِڈ کے بہانے ضمانت حاصل کرنے میں ناکام

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    جموں کشمیر ہائی کورٹ نے سابق ریاست کے کئی بار وزیرِ خزانہ رہے سرکردہ نیشنل کانفرنس لیڈڑ عبدالرحیم راتھر کے بیٹے ہلال راتھر کو ضمانت دینے سے انکار کیا ہے۔ ہلال راتھر بنک فراڈ کے ایک معاملے میں سی بی آئی کے زیرِ حراست ہیں اور ضمانت پانے کی ناکام کوشش کرتے آرہے ہیں۔
    ذرائع نے بتایا کہ ہلال راتھر نے کووِڈ 19-کی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضمانت لینے کی کوشش کی تھی تاہم عدالت نے صاف انکار کرکے انہیں مایوس کردیا ہے۔ ان ذرائع نے بتایا کہ راتھر کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ چونکہ سپریم کورٹ نے کرونا وائرس  سے پیدا شدہ صورتحال کے پیشِ نظر جیلوں میں بھیڑ کم کرنے کی ہدایت دی ہوئی ہے لہٰذا انکے موٗکل کو عبوری ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیئے۔ وکیل کا دعویٰ تھا کہ انکے موٗکل کئی طرح کے عارضوں میں مبتلا رہنے کی وجہ سے موجودہ صورتحال میں جیل کے اندر محفوظ نہیں ہیں۔
    تاہم سی بی آئی کی جانب سے پیش ہوئیں سینیئر وکیل مونیکا کوہلی نے راتھر کے وکیل کے دعویٰ کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ان دعؤوں کی حمائت میں جیل حکام کی کوئی رپورٹ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کسی بیماری میں مبتلا نہیں ہیں اور انہیں جیل یں کوئی خطرہ نہیں ہے لہٰذا انہیں ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو ضمانت ملی تو وہ شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے معاملے کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور یوں یہ مقدمہ خراب ہو سکتا ہے۔
    ہلال راتھر سابق وزیرِ خزانہ عبدارحیم راتھر کے فرزند ہیں اور کئی طرح کا کاروبار کرتے رہے ہیں۔ الزام ہے کہ انہوں نے اپنے باپ کے سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر جموں کشمیر بنک سے قواعدو ضوابط کے برخلاف بھاری قرضہ حاصل کیا اور پھر اسے عیاشیوں سے لیکر غیر ممالک میں جائیدادیں خریدنے تک کیلئے اپنی مرضی کے مطابق اڑایا۔ انہیں  177کروڑ روپے کے فراڈ کے الزام میں جنوری میں انسدادِ رشوت ستانی کے بیورو نے گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں یہ معاملہ اور ہلال راتھر کی حراست سی بی آئی کو سونپ دی گئی۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS