جموں کشمیر: سرد موسم میں اندیشوں کے باوجود کووِڈ-19 کی وبا قابو ہونے لگی، اسپتالوں پر سے 400  فی صد دباؤ ہٹا،بیشتر بسترے خالی!

    0

     سرینگر(صریر خالد،ایس این بی):جموں کشمیر میں درجۂ حرارت میں معمول کی کمی آںے کے بعد توقعات کے برعکس کووِڈ-19 کے پھیلاؤ میں کمی اور وائرس کا شکار ہوئے مریضوں کی بحالی کی شرح میں حوصلہ افزأ اضافہ ہوا ہے۔حالانکہ تازہ معاملات کا اندراج جاری ہے لیکن متعلقہ حکام اور اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کافی حد تک سدھر گئے ہیں اور اسپتالوں میں نہ صرف رش کم ہوا ہے بلکہ کہیں کہیں پر کووِڈ-19 کے مریضوں کیلئے مختص وارڈ خالی ہورہے ہیں۔
    محکمۂ صحت و طبی تعلیم میں حکام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ-19 کے حوالے سے صورتحال روز افزوں بہتر ہورہی ہے۔ محکمہ کے پاس روز درج ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ دو مہینوں میں سابق ریاست میں کووِڈ-19 کیلئے مختص کردہ اسپتالوں پر سے لگ بھگ 400فی صد دباؤ ختم ہوگیا ہے۔
    سابق ریاست کے مختلف علاقوں میں کووِڈ-19 مریضوں کیلئے 3664بسترے ،کشمیر میں 2358 اور جموں میں 1306،مختص کر دئے گئے تھے جن میں سے ابھی فقط 861 بسترے ہی نازک مریضوں کے مصرف میں ہیں جب کہ بقیہ سبھی بسترے خالی ہوگئے ہیں جو ایک نہایت حوصلہ افزاٗ بات ہے۔معلوم ہوا ہے کہ فی الوقت کشمیر کے کووِڈ-19 اسپتالوں میں کُل  524 اور جموں میں 337 کووِڈ-19 مریض بھرتی ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ کووِڈ19-کی وجہ سے جو  861 مریض ابھی اسپتالوں میں ہیں ان میں سے  133وینٹی لیٹر کی اعانت کے تابع ہیں جب کہ  59 ایسے ہیں کہ جو انتہائی نگہداشت والے یونٹس میں زیرِ علاج ہیں۔
    سرینگر کے چسٹ ڈزیز یا سی ڈی اسپتال،جسے سب سے پہلے کووِڈ-19 کے مریضوں کیلئے مختص کردیا گیا تھا،میں تعینات ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے’’اللہ کا شکر ہے کہ بُرا دور گذرتے محسوس ہو رہا ہے،ہمارے یہاں ہی نہیں بلکہ سبھی اسپتالوں میں بستروں کی دستیابی اور آکسیجن وغیرہ کی دستیابی کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے اور اب معمول کے امراض میں مبتلا لوگوں کو پوری توجہ ملنے لگی ہے‘‘۔ اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کووِڈ-19 کے مریضوں کی بحالی کی شرح 87 فی صد تک بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ  85409 معاملات میں سے 9739 ابھی کووِڈ-19 پازیٹیو ہیں ،74318 پوری طرح بحال ہوئے ہیں اور زائد از ساڑھے تیرہ سو کی موت واقع ہوچکی ہے۔
    حالانکہ جموں کشمیر،باالخصوص وادی، میں درجۂ حرارت دن بدن گھٹنے لگا ہے اور موسمی بیماریاں،جیسے نزلہ،زکام،کھانسی وغیرہ،کا عام ہونا متوقع ہے۔ ایسے حالات میں کووِڈ-19 کے مزید پھیلنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم اچھی بات یہ ہے کہ مذکورہ بالا اعداد و شمار کے مطابق کووِڈ-19 کا پھیلاؤ قابو ہورہا ہے اور پہلے سے متاثرہ مریضوں کی بحالی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ وضع کردہ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے سے جیتی ہوئی بازی کا ہارا جانا نا ممکن نہیں ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS