عراق : کورونا اسپتال میں خوفناک آتشزدگی سے 82 مریض ہلاک

0

بغداد: (یواین آئی) آکسیجن سلینڈر پھٹنے سے عراق کے ایک اسپتال میں کورونا وارڈ میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 82 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
بغداد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کورونا کے 82 مریض ہلاک ہوگئے، آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے سے لگی۔ حادثے کے بعد فوری طور پر آگ بجھانے کے لئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سمیت دیگر عملے کو باہر نکالا گیا۔
عراقی شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں جس کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لیا جب کہ مریضوں کو آگ کی وجہ سے وینٹیلیٹرز سے ہٹانا پڑا جس کے باعث زیادہ جانی نقصان کا سامنا ہوا۔
انسانی حقوق کمیشن نے واقعہ کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے عراقی وزیراعظم سے وزیر صحت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد عراقی وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS