پونٹنگ کے کہنے پرہی موقع کا فائدہ اٹھایا:سرفراز

0

نئی دہلی (یو این آئی) : دہلی کیپٹلس کے بلے باز سرفراز خان نے کہا ہے کہ پنجاب کنگز کے خلاف پیر کو ہونے والے دہلی کے میچ سے پہلے کوچ رکی پونٹنگ نے انہیں ’موقع کا پورا فائدہ اٹھانے ‘ کیلئے کہا تھا۔پہلی بار دہلی کیلئے اوپننگ کرنے والے سرفراز کیلئے اس سال کا آئی پی ایل زیادہ اچھا نہیں رہا۔ پیر کے میچ سے پہلے ، انہیں آئی پی ایل 2022میں صرف چار میچ کھیلنے کا موقع ملا، جس میں انہوں نے تین اننگز میں 49رن بنائے ۔ پرتھوی شا کی خرابی صحت کی وجہ سے دہلی کوایک اوپنر کی ضرورت تھی اور پچھلے دو میچوں میں سریکر بھرت کی ناکامی کے بعد ٹیم نے سرفراز کو موقع دیا۔سرفراز نے میچ کے بعد شاردل ٹھاکر کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ رکی پونٹنگ نے مجھ سے کہا کہ میں اس موقع کا فائدہ اٹھاؤ۔ جب ہم نے پہلی گیند پر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ گنوائی تو میں نے اپنے ذہن میں سوچا کہ میں رن بناتا رہوں گا۔ پاور پلے بہت ضروری ہوتے ہیں اور ٹیم کو مطلوبہ آغاز دے سکتے ہیں، اس لیے میں نے زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش کی۔سرفراز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر ہرپریت برار پر حملہ کرتے ہوئے میچ کے تیسرے اوور میں مجموعی طور پر 15رن کا اضافہ کیا جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے ۔ وارنر کا وکٹ گنوانے کے باوجود دہلی نے سرفراز کی مدد سے پانچویں اوور میں 50رن کا ہندسہ عبور کر لیا۔ہرپریت کے بارے میں سرفراز نے کہا کہ میں نے پنجاب کنگز میں رہتے ہوئے کئی بار ہرپریت کا سامنا کیا ہے ۔ میں جانتا تھا کہ وہ کس طرح کی گیند بازی کریں گے ۔ سرفراز نے ارش دیپ کی گیند پر راہل چاہر کو کیچ دینے سے قبل پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16گیندوں پر 32رن بنائے ۔دہلی نے پنجاب کنگز کو 17 رن سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر رہنے کے لیے پلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS