ہندوستان نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت میں سلامتی کونسل کی قرارداد سے خود کو الگ کر لیا

0
News10ABC

نئی دہلی/اقوام متحدہ: (یو این آئی) ہندوستان نے کل دیر رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے لئے روس کی مذمت کرنے والی قرارداد پر ووٹنگ سے خود کو الگ کرلیا اور متعلقہ فریقین سے تشدد کو فوراً روک کر سفارتی اقدامات پرلوٹنے اور ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کااحترام کرنےکی اپیل کی۔ 11 ارکان نے مذمت کے حق میں ووٹ دیا اور تین ارکان – ہندوستان، چین اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس قرار داد پر روس نے ویٹو کے حق کا استعمال کیا اور اس طرح قرارداد پاس نہیں ہوسکا ۔ مذمت کے حق میں ووٹ دینے والوں میں امریکہ، فرانس، برطانیہ، البانیہ، برازیل، گبون، گھانا، آئرلینڈ، کینیا، میکسیکو اور ناروے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ٹی ایس ترومورتی نے ووٹنگ کے بعد ہندوستان کے فیصلے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے فریقوں سے فوری طور پر تشدد بند کرنے، تنازعہ کے حل کے لیے سفارتی اقدامات پر واپس آنے اور ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو میں انہی نکات پر زور دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS