ہندوستان نے انگلینڈ کو دی 7 وکٹ سے شکست

0
Image: Times of India

دوبئی،(یو این آئی) ہندوستان نے سلامی بلے بازوں لوکیش راہل (51)، ایشان کشن (70 ریٹائرڈ ہرٹ) اور وکٹ کیپر رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ 29) کی بہترین اننگز کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی۔ 20 عالمی کپ کے پریکٹس میچ میں پیر کے روز سات وکٹ سے شکست دی۔
انگلینڈ نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹ پر 188 رن کا بیحد مضبوط اسکور بنایا جبکہ ہندوستان نے 19 اورر میں تین وکٹ پر 192 رن بناکر آسانی سے چھ گیندیں باقی رہتے ہوئے میچ ختم کردیا۔ پنت نے کرس جرڈن پر فاتحانہ چھکا لگایا۔
ہندوستانی گیند بازوں میں صرف محمد شامی نے کسی حد تک موثر بولنگ کی اور چار اوورز میں 40 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمراہ نے 26 میں ایک اور لیگ اسپنر راہل چاہر نے 43 میں ایک وکٹ حاصل کی۔ آف اسپنر روی چندرن اشون نے چار اوورز میں 23 رنز دیے ، جبکہ فارم سے باہر بھونیشور کمار چار اوورز میں 54 رنز دیکر کافی مہنگے ثابت ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو نے 36 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنائے۔ آئی پی ایل کے فاتح چنئی سپر کنگز کے رکن معین علی نے صرف 20 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے جن میں چار چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ علی نے اننگز کے آخری اوور میں ، بھونیشور کی آخری تین گیندوں میں چوکے ، چھکے لگاتے ہوئے 21 رنز بنائے ۔
اوپنر جیسن رائے نے 13 گیندوں پر 17 رنز بنائے ، کپتان جوس بٹلر نے 13 گیندوں پر 18 رنز ، ڈیوڈ مالان نے 18 گیندوں میں 18 رنز ، بیئرسٹو 49 ، لیام لیونگسٹون نے 20 گیندوں میں 30 اور علی نے 20 گیندوں میں 43 رنز بنائے۔
راہل اور کشن نے 8.2 اوورز میں 82 رنز کی زبردست شروعات کی ۔ آئی پی ایل میں عمدہ فارم میں کھیلنے والے راہل نے پاور پلے میں زبردست انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 24 گیندوں میں 51 رنز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔
راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد ، کشن نے رفتار پکڑی اور کئی شاندار شاٹس کھیلے۔ دوسرے سرے پر کپتان وراٹ کوہلی 13 گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو انہیں دیے ہوئے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور نو گیندوں پر آٹھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
کشن سات گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر 70 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہو گئے۔ پنت نے محض 14 گیندوں پر ایک چوکا اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 29 رنز بنائے ۔ ہاردک پانڈیا نے 10 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 12 رنز بنائے اور ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS