پنے میٹرو ریل پروجیکٹ کا افتتاح

0

پنے (یو این آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز پنے میٹرو ریل پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔نریندر مودی نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور دیگر معززین کی موجودگی میں 11400کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیے گئے کل 32.2کلومیٹر کے میٹرو ریل پروجیکٹ کے 12کلومیٹر حصے کا افتتاح کیا۔اس منصوبے کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نے 24دسمبر 2016کو رکھا تھا۔ انہوں نے گروارے میٹرو اسٹیشن پر ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا اور طلبا کے ساتھ وہاں سے آنند نگر تک میٹرو کے سفر کا لطف اٹھایا۔ اس دوران انہوں نے طلبا سے بات چیت کی۔قبل ازیں مسٹر مودی نے پنے میونسپل کارپوریشن کے احاطے میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے کی نقاب کشائی کی۔ یہ مجسمہ 1850کلو گرام میٹل سے بنایا گیا ہے اور اس کی اونچائی تقریباً ساڑھے نو فٹ ہے۔ وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) کے مطابق وزیر اعظم آج اپنے ایک روزہ دورے پر کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ مسٹر مودی سمبیوسس یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں بھی شرکت کی۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہر سال ملک کے مختلف حصوں میں ندی کے جشن کا انعقاد کیا جانا چاہئے، تاکہ عام شہریوں کو پانی اور ندیوں کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ مہاراشٹر کے پنے میں اتوار کے روز مولا مٹھو ندیوں کی بحالی کے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ یہاں صدیوں سے ندیوں کی اہمیت رہی ہے اورندیاں زندگی کی بنیاد رہی ہیں۔ آج کی نسل کو ندیوں کی اہمیت کو سمجھنے کیلئے ہر سال ہر شہر میں ندی کا جشن منایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف شہری زندگی کو سکون ملے گا، بلکہ ملک کے ہر شہری کو دریا کی اہمیت کا پتہ چلے گا۔مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت ندیوں کی صفائی کیلئے ہر شہر کے نالوں کو صاف کرنے کیلئے ٹریٹمنٹ سیوریج پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ندی کی صفائی کے مقصد سے ہر شہر میں مناسب تعداد میں یہ پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم پونا کے مولا متھو ندی کے 44کلومیٹر طویل حصے میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے بنائی گئی ہے اور اس پر 4727 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس پروجیکٹ پر 1100کروڑ روپے کی لاگت سے کام شروع کیا گیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS