تمل ناڈو میں درجہ ایک سے درجہ ہشتم تک کے تمام طلبہ کو پاس کیا گیا

0

چنئی، یکم جون (یو این آئی) حکومت تمل ناڈو نے منگل کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے درجہ ایک سے درجہ ہشتم کے تمام طلبہ کو تعلیمی سیشن 2020-21 کا اختتامی امتحان لئے بغیر پاس یا ترقی دینے کا اعلان کیا۔
یہ اعلان تمام سرکاری، سرکاری امداد یافتہ، غیر اعانت یافتہ ریاستی بورڈ کے اسکولوں پر نافذ ہوگا۔ ڈائریکٹر ایلیمینٹری ایجوکیشن آف تامل ناڈو نے بتایا کہ ریاستی بورڈ کے ماتحت تمام اسکولوں میں درجہ ایک سے آٹھویں تک کے طلبہ کو اگلے درجے میں ترقی دے دی گئی ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی طالب علم کو اسکول سے نہیں نکالا جانا چاہئے۔
ڈائریکٹر ایجوکیشن نے کہا کہ حکام کو چاہئے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے اسٹیٹ بورڈ کے تمام سرکاری، سرکاری امداد یافتہ اور پرائیویٹ اسکولوں کو ایک سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کو پاس کرنے اور اسکول کے رجسٹر میں تمام طلبہ کے نام درج کرنے کے لئے مطلع کریں۔
محکمہ نے یہ بھی کہا کہ اسکولوں کو دوبارہ کھولنے اور مفت درسی کتب کی تقسیم کے فیصلے کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
دریں اثناء، وزیر تعلیم انبیل پوریاموجھی نے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سے پلس ٹو بورڈ (بارہویں) کے امتحانات کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔ ریاستی سکریٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں تمام اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وزیر تعلیم نے صحافیوں کو بتایا کہ بارہویں کے امتحانات کرانے کا فیصلہ سی بی ایس ای کے امتحانات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ سی بی ایس ای امتحانات کے انعقاد کا اعلان دو دنوں میں کردیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی نویں، دسویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کو بغیر کسی امتحان کے ترقی دینے کا اعلان کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS