دہلی میں اومیکرون کے 4 نئے معاملوں کی تصدیق تعداد 10ہوئی

0
imgae:business today

نئی دہلی (ایس این بی) : قومی راجدھانی دہلی میں جمعرات کو کورونا وائرس کی نئی قسم او میکرون سے متاثر 4 مزید نئے معاملے سامنے آئے ۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت میں اومیکرون سے متاثر معاملوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی ہے ۔افسران نے آج یہ اطلاع دی۔ دریں اثنا دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے جمعرات کو بتایا کہ راجدھانی میں ابھی تک کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے 10 معاملے سامنے آئے ہیں اور اس میں سے کسی کی حالت سنگین نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شبہ کی بنیاد پر 40لوگوں کو لوک نائک جے پرکاش (ایل این جے پی ) اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ ان میں سے 38کورونا وائرس سے متاثر ہیں ۔ لوک نائک جے پرکاش اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سنیل کمار نے بتایا کہ متاثرین کو پچھلے ہفتے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کووڈ- 19 جانچ میں متاثر پائے جانے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے نمونے کو نینوم سیکوینسنگ کے لئے بھیجا گیا تھا، جس میں آج 4 لوگ اومیکرون سے متاثر پائے گئے ۔
اومیکرون کے معاملے کو دیکھنے والے ڈاکٹر کمار نے کہاکہ 2 مرد اور 2 خواتین مریض جنہیں ہمارے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،اب ان میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ سبھی مریض نوجوان ہیں اور مکمل طورپر ٹیکے لگوا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبھی اومیکرون متاثر ملکوں سے یہاں آئے ہیں۔ یہ لوگ جنوبی افریقہ ،سوڈان اور دبئی سے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے دہلی میں منگل کو اومیکرون سے متاثر 4 معاملے سامنے آئے تھے۔
ڈاکٹر کمار نے کہاکہ اس ہفتے اومیکرون کے ایک مریض کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ،جبکہ دیگر نو متاثرہ مریضوں کا علاج ہمارے فیسیلٹی سینٹر میں چل رہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS