اردو صحافت میں ریسرچ کیلئے مانو اور آئی آئی ایم سی میں باہمی اشتراک پر معاہدہ

0

یادداشت مفاہمت پر پروفیسر سید عین الحسن وائس چانسلر اور سنجے دویویدی ڈائرکٹر جنرل نے دستخط کیے
انوارالحق
نئی دہلی(ایس این بی) مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی حیدرآباد اور صحافت کی تعلیم کے لیے باوقار ادارہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC)، نئی دہلی نے صحافت میں تحصیلِ علم، تعلیمی وسائل اور تحقیقی سرگرمیوں میں اشتراک کے لیے ایک معاہدہ پر دستخط کیا ہے۔یہ مفاہمت 3 سال تک کارگرر ہے گا ، جس میں تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ، اسکالرس، طلبہ، غیر تدریسی عملہ کے علاوہ دستاویزات، سائنسی معلومات اور اشاعتوں کا تبادلہ بھی ایم او یو کا حصہ ہے۔ طلبہ کو انٹرنشپ کی سہولت، ریسرچ پراجیکٹس کا اہتمام، کانفرنس، سمینار، ورکشاپس، میٹنگس اور مطالعے کے پروگرامس بھی مشترکہ طور پر پیش کیے جائیں گے۔پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلرمولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی حیدر آباد اور پروفیسر سنجے دویویدی ڈائرکٹر جنرل انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC)، نئی دہلی نے آج نئی دہلی میںآئی آئی ایم سی کے پریس کانفرنس ہال میں منعقدہ تقریب میں باہمی اشتراک کے لیے یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ہیں۔اس موقع پرپروفیسر سید عین الحسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے کورسز کو ہم ایک دوسرے سے مل کر ڈیزائن کرسکتے ہیں۔ پی ایچ ڈی کا مشترکہ وینچر ہوسکتا ہے یعنی ایک ہی طالب علم 2 اساتذہ سے رہنمائی حاصل کریں گے ۔ اس طرح سے طالب علم کی صلاحیت میں مزید وسعت ہوگئی اور وہ بہترین تحقیقی کام سر انجام دے سکتا ہے۔ انھوں نے مفاہمت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کسی بھی پہل میں اردو یونیورسٹی مکمل تعاون کرے گی۔ پروفیسر سنجے دویویدی ڈائرکٹر جنرل انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (IIMC)، نئی دہلی نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی ایک بڑا ادارہ ہے۔ ہمارے طلبہ جنھوں نے یہاں اردو جرنلزم میں ڈپلوما کیا ہے وہ آگے چل کر مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی میں اپنا پی جی کورس کرسکتے ہیں۔ پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی نے کہا اردو صحافت کے فروغ کے سلسلے میں یہ ایک تاریخی قدم ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے کثیر تعداد میں مانو کے طلبہ استفادہ کریں گے۔اس پروگرام میں پروفیسر احتشام احمد خان ڈین اسکول آف ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم، مولانا آزاد نیشنل اْردو یونیورسٹی’ محترمہ رینوکا کیم، ریجنل ڈائرکٹر، دہلی ریجنل سنٹر اور آئی آئی ایم سی، نئی دہلی کے پروفیسر پرمود کمار اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اس معاہدہ سے دونوں اداروں کو باہمی طور پر فائدہ ہوگا۔ علمی اور تحقیقی پروگراموں میں حصہ لینے کے لیے دونوں جانب سے اساتذہ کی شناخت کرتے ہوئے انہیں مدعو کیا جائے گا اور تربیت و صلاحیت کے فروغ کے لیے اساتذہ کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS