بیکانیرایکسپریس کی12 بوگیاں پٹری سے اتریں 5ہلاک

0
southweb

کولکاتا/ سلی گوڑی (یواین آئی) : بیکانیر ایکسپریس کی بارہ بوگیاں جمعرات کی شام تقریباً 5 بجے شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع کے میناگوڑی میں ڈومہنی کے قریب پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے میں 4سے 5 بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ اس ٹرین حادثے میں اب تک 5 مسافروں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ کئی مسافر اب بھی بوگی کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ جلپائی گوڑی کے ڈی ایم مومیتا گودرا باسو نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 51 ایمبولینس راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔تقریباً 45زخمیوں کو میناگوڑی اور جلپائی گوڑی کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہاں حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے ، لیکن حادثہ کے 3 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کوئی ریلوے افسر موقع پر نہیں پہنچا۔ ساتھ ہی امدادی کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ جائے وقوع پر اندھیرا ہونے کی وجہ سے کام کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سلی گوڑی، جلپائی گوڑی، دھوپگوری سے فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ساتھ ہی بی ایس ایف کے اہلکار بھی مسافروں کو اسپتال لے جانے کا کام کر رہے ہیں۔تمام قریبی سرکاری اور نجی اسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 40کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
راحت اور بچاؤ کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے ۔ ٹرین بیکانیر سے گوہاٹی جا رہی تھی۔ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ میں نے پی ایم مودی سے بات کی ہے اور انہیں بچاؤ کارروائیوں سے آگاہ کیا ہے ۔ فوری امدادی کارروائیوں کیلئے میں ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں۔ میں جمعہ کی صبح موقع پر پہنچ رہا ہوں۔ میڈیکل ٹیم، اعلیٰ حکام موقع پر۔ پی ایم مودی نے صورتحال اور بچاؤ آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔ ہماری توجہ بچاؤپر ہے۔ ایک ایکس گریشیا رقم کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS