جنوبی ضلع پلوامہ میں شبانہ تصادم کے دوران حزب کمانڈر ہلاک

0
the hindu

سری نگر: (یو این آئی) جنوبی ضلع پلوامہ کے اُسگام پتھری راجپورہ گاوں میں شبانہ تصادم کے دوران مقامی جنگجو کمانڈر ہلاک ہوا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سیکورٹی فوسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جنوبی ضلع پلوامہ کے اُسگام پتھری راجپورہ علاقے کومحاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی‘۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کئی منٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بدھ کی صبح کو حفاظتی عملے نے تصادم کی جگہ ایک جنگجو کی لاش برآمد کی جس کی بعد میں شناخت فیروز احمد ڈار کے بطور ہوئی ہے۔ اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ نے سال 2017 میں جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ سیکورٹی فورسز کو متعدد کیسوں میں انتہائی مطلوب تھا۔ نہوں نے بتایا کہ ’فیروز احمد کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست موجود ہے اور وہ حفاظتی عملے پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش رہتا تھا‘۔
پولیس ذرائع کے مطابق تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اس سے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS