حکومت تعلیمی اداروںمیں ڈرگ کے استعمال پر روک لگائے:کنور دانش

0

نئی دہلی(ایس این بی) : بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے لوک سبھا کے سرمائی اجلاس میں ’نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائکروٹروپک سبسٹینس (ترمیمی ) بل،2021 پر ایوان میں جاری بحث میں حصہ لیا ۔ اس دوران انہوںنے جہاںاسکولوں، کالجوں اور مذہبی جلسوںمیں ڈرگ کا استعمال روکنے وکالت کی اورفلم اداکاروں کو ڈرگ کے نام پر ہراساں کیے جانے پر مذمت کی، وہیں گجرات کے اندر مندرا پورٹ پر 20 ہزار کروڑ سے زیادہ کے ڈرگ پکڑے جانے کے معاملے کو ٹھنڈے بستے میں ڈالنے پر افسوس ظاہر کیا ۔ کنور دانش علی نے بل کی حمایت میں بولتے ہوئے کہا کہ یہ تو بہت چھوٹا بل ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ پچھلے دنوں ملک میں جس طریقہ سے نارکوٹکس کے معاملے پر بحث ہوئی اور کئی ایسے معاملے سامنے آئے،اس میں سب سے بڑی دقت کی بات یہ ہے کہ اس بل کے پاس ہونے کے بعد دور رس نتائج بہت زیادہ ہوں گے۔ملک کے شہریوں پر اس کے منفی اثرات ہوں گے۔اس طرح کے فوجداری قانون پاس ہوتے ہیں تو کل کو ہم غلط روایت ڈالنے جا رہے ہیں۔ کنور دانش علی نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وسیع اور عوامی مفاد کے بل لانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کس طرح سے ڈرگ آج اسکولوں میں،مذہبی جلسوں میں استعمال ہورہا ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے، اس کو روکنا چاہیے، یہ ایک بیماری ہے اور بیماری کا علاج مرض کی پہنچان کے بعد ہی ہوتا ہے۔ دانش علی نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ذریعہ فلم اداکاروں کو ڈرگ کے نام پر پریشان کیے جانے کا موضوع ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ کس طریقہ سے پچھلے دنوں ممبئی کے اندر فلم اداکاروں اور ان کے بچوں کو ڈرگ کے نام پر پریشان کیا گیا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS