ہندوستان نے دی انگلینڈ کو ریکارڈ10 وکٹوں سے شکست

0

لندن(یو این آئی) :تیز گیند باز جسپریت بمراہ (19رن پر 6وکٹ) اور (محمد سمیع 31رن پر 3وکٹ) اور کپتان روہت شرما (76ناٹ آؤٹ) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کومنگل کے روز پہلے ون ڈے میں یکطرفہ طور پر 10وکٹوں سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔ہندوستان نے انگلینڈ کو 25.2اوور میں 110رن پر ڈھیر کردیا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کا سب سے کم اسکور تھا۔ ہندوستان نے اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون کی شاندار کارکردگی کی بدولت بغیر کوئی وکٹ گنوائے 18.4اوور میں 114رنزبنا کر کامیابی حاصل کی۔ بمراہ نے اپنے کریئر میں دوسری بار اننگز میں 5 وکٹ لیے ۔ اس سے قبل ان کی بہترین کارکردگی سری لنکا کے خلاف 27رن کے عوض پانچ وکٹ تھی۔
چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت نے جارحانہ انداز میں کھیلا جبکہ شیکھر نے تحمل کے ساتھ بلے بازی کی۔ روہت نے چھکا لگا کر اپنی 45ویں نصف سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی اننگز کا تیسرا چھکا تھا۔ اس کے بعد روہت نے اسی اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ برائیڈن کارس کے اس اوور میں 18رن بنے ۔ دونوں نے 17.5اووروں میں 100رن کی شراکت مکمل کی۔ اس کے بعد روہت نے اپنی اننگز کے پانچویں چھکے کے ساتھ ون ڈے میں 250چھکے مکمل کر لیے۔ روہت 58گیندوں پر 7چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 76رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، جبکہ شیکھر نے 54گیندوں پر ناٹ آؤٹ 31رن میں 4 چوکے لگائے ۔
ہندوستان نے 10وکٹوں سے زبردست جیت درج کی۔ روہت شرما کی ٹیم نے میزبان ٹیم کو پوری طرح روند ڈالا۔ جسپریت بمراہ کی قیادت میں گیند بازوں نے میچ ہندوستان کے جھولی میں ڈال دیا تھا لیکن روہت اور گبر کی جوڑی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ٹیم نے اس چھوٹے ہدف کا تعاقب 20اوور کے اندر ہی حاصل کرلے ۔ ہم آہنگی کا فقدان ایک دو بار دیکھا گیا لیکن اس اوپننگ جوڑی نے انگلینڈ کو وکٹ لینے کے قریب تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا۔ اس بڑی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے 3میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ہے ۔
اس سے قبل ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا درست فیصلہ کیا۔ 6 وکٹ لے کر جسپریت بمراہ اوول میں موجود شائقین کی تالیوں اور مبارکبادوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پویلین جانے والی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے ۔ 7.2اووروں میں 3میڈن اور 19رن کے اندر انگلینڈ کے چھ بلے بازوں کو شکار بناتے ہوئے بمراہ نے یہ میچ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ٹاس جیتنے کے بعد روہت شرما نے پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بمراہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں دو وکٹ حاصل کئے ۔ محمد سمیع اور پرسدھ کرشنا نے ان کا اچھا ساتھ نبھایا اور میزبان ٹیم کو محض 110رن بنانے دیے ۔ انگلینڈ کا کوئی بھی بلے باز 30رن سے زیادہ رن نہ بنا سکا اور 4بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ کپتان جوس بٹلر نے 32گیندوں پر 30رن بنائے۔ انگلینڈ کے 8وکٹ 68رن پر گر گئے ۔ لیکن ڈیوڈ ولی اور برائیڈن کارس نے نویں وکٹ کے لیے 35رن جوڑ کر انگلینڈ کو 100کے پار پہنچا دیا۔ بمراہ نے ولی کو بولڈ کر کے انگلینڈ کو 110پر سمیٹ دیا۔ ولی نے 21رن بنائے ۔ انگلینڈ کی اننگز کا واحد چھکا ریس ٹوپلے نے لگایا۔100اووروں کا میچ 44اووروں میں ختم ہوا۔ بمراہ اپنی جارحانہ گیند بازی کے لیے مین آف دی میچ قرار پائے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS