تعلیمی اداروں کی قومی ویبینار میں آن لائن امتحانات پر غور و خوض

0

نئی دہلی: ہندوستانی یونیورسٹیوں کی یونین اور اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) اور شکشا سنسکرتی اتھان نیاس کے مشترکہ اہتمام کے تحت تعلیمی اداروں کے  آن لائن امتحانات، مشکلات اور حلول  کے موضوع  پر ایک قومی ویبنار منعقد کیا گیا، جس میں مقررین نے کہا کہ طلبہ کی ذہنیت کو سمجھنا اور بدلنا ہوگا۔ 
ویبنار میں اگنو کے وائس چانسلر ناگیشور راؤ نے کہا کہ آن لائن امتحانات کے لئے سب سے پہلے طلبہ کی ذہنیت کو سمجھنا اور تبدیل کرنا ہوگا۔ روایتی نصاب کی وجہ سے طلبہ گھبرا رہے ہیں۔ یہ ضرور ہے کہ حالیہ عرصے میں ٹیکنالوجی نے کافی ترقی کی ہے۔ ہمارے ملک کے دور دراز علاقوں تک بنیادی ڈھانچے کا ایک بہت بڑا نظام تعمیر کرنا ہوگا۔ آن لائن امتحان کا طریقہ دسویں اور بارہویں سے ہی نافذ کیا جانا چاہئے، تاکہ طلبہ کی ذہنیت استوار ہوسکے۔
 نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ونیت جوشی نے کہا کہ ہمارا انسٹی ٹیوٹ مرکزی حکومت نے 2018 میں قائم کیا ہے۔ ہم نے دو سالوں میں 500 مضامین کے 12 میڈیم ایک کروڑ 33 لاکھ طلبہ کا امتحان لیا ہے۔ آن لائن امتحان ایک صحتمند طریقہ ثابت ہوا۔ طلبہ ابتداء میں ہچکچاتے تھے۔ این ٹی اے کا مقصد امتحانات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ امتحانی نظام کو بہتر بنانا ہے۔ این ٹی اے سوالنامے تیار کرنے سے پہلے یہ سائیکومیٹرک تجزیہ کرتا ہے، جس میں  سابقہ اعداد و شمار کی بنیاد پر سوالنامہ کا لیول تیار کیا جاتا ہے۔ وزارت انفارمیشن و ٹکنالوجی نے دیہی علاقوں میں لوگوں کو آن لائن امتحانات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے کامن سروس سینٹر کے ذریعے ٹیسٹ پریکٹس سنٹر قائم کیے ہیں۔ این ٹی اے پراکٹور ٹکنالوجی پر کام کر رہی ہے، جس میں طلبہ گھر بیٹھے امتحان دے سکیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS