وکاس اور جے باجپئی کی کالی کمائی پر ای ڈی کامحاصرہ

0

کانپور: اترپردیش کے کانپورمیں موسٹ وانٹیڈ گینگسٹر وکاس دوبے کے تصادم میں مارے جانے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہسٹری شیٹر اوراس کے قریبیوں کی کالی کمائی کی تفصیلات جمع کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔
ای ڈی نے وکاس دوبے اوراس کے ساتھیوں سے جڑی معلومات اور کاغذات ایس ٹی ایف اور پولیس سے مانگے ہیں۔ وکاس دوبے اور جے باجپئی سے منسلک معلومات کے لئے ای ڈی پہلے ہی خط لکھ کر آئی جی موہت اگروال کو مطلع بھی کرچکا ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ای ڈی کی جانچ شروع ہونے کے بعد ایک ٹیم کانپور پہنچی۔ ای ڈی کی ٹیم نے مجرم وکاس دوبے اوربرہم نگر کے کاروباری جے باجپئی کی کئی کمپنیوں کے دستاویزات کی جانچ کی ہے۔ٹیم نے پولیس سے وکاس دوبے کے کرائم ریکارڈ حاصل کئے ہیں۔ ای ڈی نے پولیس،انتظامیہ اوردیگر محکمے جہاں سے مالی لین دین ہوتا ہے،وہاں سے جے باجپئی کے دستاویزات حاصل کئے ہیں اورمعلوم کرنے کی کوشش کی گئی کہ آخر وہ کیسے وکاس کے لئے کام کرتا تھا۔
ای ڈی نے بتایا کہ اس کی پراپرٹی کے دستاویزات،بینک اکاونٹ کی تفصیلات،جرائم کے ریکارڈ بھی جمع کئے گئے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیم اب وکاس، اس کے کنبہ اورقریبی لوگوں کے ریکارڈ وں کی جانچ کررہی ہے۔ 
ای ڈی کے کانپور میں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی دنیش کمار پی نے بتایا کہ ای ڈی کی ٹیم نے وکاس اور اس کے ساتھیوں کی املاک کی جانچ کے لئے دستاویز کی مانگ کی تھی جو انہیں دستیاب کرائے جارہے ہیں اورانہیں اب تک کی کارروائی سے واقف کرایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے چھ جولائی کو آئی جی موہت اگروال کو خط لکھ کر وکاس دوبے سے متعلقہ ریکارڈ مانگے تھے اورجمعرات کو ٹیم کانپور بھی آئی تھی لیکن پولیس افسران وکاس دوبے کی گرفتاری میں مصروف تھے جس کے سبب انہیں دستاویز دستیاب نہیں کرائے جاسکے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS