دہلی میں نرسری کیلئے داخلہ کا اعلان،18فروری سے شروع اورآخری تاریخ4 مارچ

0

نئی دہلی(اظہار الحسن،ایس این بی ):آخر کار دو مہینے کی تاخیر کے بعد نرسری داخلے کے عمل کا اعلان کردیا گیا۔راجدھانی کے پبلک اسکولوں میں جرنل کوٹہ کے لئے سیشن 2021-22کے نرسری داخلے کی دوڑ اگلے ہفتہ 18فروری سے شروع ہوگی۔داخلے کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 4مارچ رکھی گئی ہے۔ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کو اس کا اعلان کیا ۔اس بار کورونا کی وجہ سے نرسری داخلے کی دوڑ دو مہینے تاخیر سے شروع ہورہی ہے۔گزشتہ سال 2020-21کے لئے نرسری داخلے کا عمل 29نومبر 2019سے شروع ہوا تھا ۔ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے نرسری داخلے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔اس کے مطابق داخلہ عمل شروع ہونے سے ایک دن پہلے یعنی 17فروری کو سبھی پبلک اسکولوں کا اپنا داخلہ کرائٹیریا اپلوڈ کرنا ہوگا ۔اس کے اگلے دن 18فروری سے داخلے کے لیے درخواست دینے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ داخلے کے درخواست فارم کے لیے پبلک اسکول والدین سے 25روپے سے زیادہ فیس نہیں لے سکتے ۔ 4مارچ کو درخواست عمل ختم ہونے کے بعد اسکولوں کو 9مارچ کو درخواست دینے والے بچوں کی لسٹ جاری کرنی ہوگی۔اس کے بعد 15مارچ کو درخواست دینے والے بچوں کو 100فیصد پوائنٹ سسٹم کے تحت کیا نمبر دیے گئے اس کی لسٹ جاری کرنی ہوگی۔اس کے بعد 20مارچ کو اسکولوں کو نرسری داخلے کی پہلی داخلہ لسٹ جاری کرنی ہوگی۔اس کے بعد 22سے23مارچ تک اس لسٹ کے سلسلہ میں والدین کو کوئی اعتراض ہے تو وہ ای میل ،زبانی یا پھر تحریری طور پر کرسکتے ہیں ۔اس کے بعد 25مارچ کو دوسری داخلہ لسٹ جاری کی جائے گی۔ اس لسٹ کے سلسلہ میں26مارچ کو والدین اپناکسی طرح کا اعتراض ہو تو کر سکتے ہیں۔ ان دو لسٹ کے بعد اگر سیٹیں خالی ہوں گی تو اگلی لسٹ جاری ہوگی۔داخلے کی آخری تاریخ 31مارچ رکھی گئی ہے۔
سیٹوں سے زیادہ درخواست ہونے پر ہوگا ڈرا:
نرسری داخلے کے لیے سیٹوں سے زیادہ درخواست کرنے پر اسکولوں کے ذریعہ ڈرا نکالا جائے گا ۔واضح رہے کہ ہر سال اسکولوں میں سیٹوں سے زیادہ ہی درخواست آتی ہیں ۔ایسے میں اسکولوں کے ذریعہ ڈرا سے بچوں کے داخلے لیے جاتے ہیں ۔ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ اسکولوں کو ڈرا کرنے سے پہلے سبھی والدین کو پہلے اطلاع دینی ہوگی اور اس کی ویڈیو گرافی بھی کرنی ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS