دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات 4 دسمبر کو، ووٹوں کی گنتی 7دسمبر کوہوگی

0

نئی دہلی، (اظہارالحسن/ ایس این بی) :دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا جمعہ کو اعلان کیا گیا۔ ووٹنگ 4 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 7 دسمبر کو ہوگی۔ ریاستی الیکشن کمشنر وجے دیو نے پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ اس بار دہلی کے کل 1,46,73,847 ووٹر میونسپل انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ اس کےلئے 13,665 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ پولنگ کے دوران بیشتر مقامات کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے۔ اس موقع پر وجے دیو نے بتایا کہ دہلی میں کل 68 اسمبلی حلقوں (70 اسمبلی حلقے ہیں) کے 250 وارڈوں میں انتخابات ہوں گے۔ ووٹنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور صبح 5.30 بجے تک جاری رہے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ دہلی میں 113 ووٹرز کی عمر 100 سال سے اوپر ہے۔ کمیشن اس الیکشن میں ایک ایپ لانچ کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ نامزدگی کا عمل 7 نومبر سے شروع ہو کر 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ اسکروٹنی 16 نومبر کو ہوگی اور 19 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2011 کی آبادی کے مطابق 42 وارڈ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لوگوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس میں 21 وارڈ خواتین کےلئے مختص ہیں۔ باقی 204 وارڈ جنرل زمرے کےلئے ہیں۔ اس میں خواتین کےلئے 104 اور مردوں کےلئے 104 وارڈز مختص ہیں۔انہوں نے بتایا ووٹنگ کےلئے 55000 سے زیادہ ای وی ایم مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ انتخابات میں ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔ 68 ریٹرننگ افسران اور 250 اے آر اوز تعینات کیے جائیں گے۔ ہر وارڈ میں کم از کم ایک پولنگ کی جگہ خواتین پر مشتمل ہوگی اور وہاں کا پورا عملہ بھی خواتین ملازمین پر مشتمل ہوگا۔ریاستی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نافذ ہوتے ہی تمام انفورسمنٹ ایجنسیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے جو اپنے کام پر نظر رکھیں گے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس کو سخت حفاظتی انتظامات رکھنے کو کہا گیا ہے۔ کونسلرز کے انتخاب میں اخراجات کی حد صرف 8 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اخراجات کی یہ حد گزشتہ الیکشن میں ہی بڑھا دی گئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات اس سال کے شروع میں ہونے تھے، لیکن تینوں کارپوریشنوں کے انضمام کی وجہ سے انتخابات اچانک رک گئے تھے۔ اب دہلی میں صرف ایک کارپوریشن ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS