کیجریوال حکومت نے’ریڈ لائٹ آن گاڑی آف‘مہم شروع کی

0
image:india tv news

نئی دہلی : (یو این آئی) دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ دہلی کے کچھ حصوں میں گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے’ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم‘پیر سے شروع کی گئی ۔ رائے نے آج یہاں آئی ٹی او چوک سےآج ’ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم‘کا آغاز کیا ہے۔ وزیرماحولیات نے ڈرائیوروں کو گلاب کے پھول پیش کرکے لال بتی پر گاڑی روکنے کی اپیل کی۔ اس دوران سیول ڈیفنس رضاکاروں نے لوگوں کو ’وزیراعلیٰ کی عوام کے نام اپیل‘کے پمفلٹ تقسیم کیے،جس میں گاڑی ڈرائیوروں سے ریڈ لائٹ آن ہونے پر گاڑی آف کرنے،ہفتے میں گاڑی کی ایک ٹرپ کم کرنے اور اپنے فون میں گرین دہلی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ وزیر ماحولیات نے کہا کہ آلودگی سے متعلق تحقیقی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گاڑیوں کی آلودگی سب سے نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی کا بھی اہم کردار ہے۔ جس طرح دہلی حکومت ڈسٹ آلودگی کے خلاف انٹی ڈسٹ مہم چلا رہی ہے۔ اسی طرح دہلی کے اندر گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے’ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم‘شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کنزرویشن ریسرچ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق’ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم‘ لوگ کامیابی کے ساتھ عمل کرتے ہیں، تو دہلی کے13 سے 20 فیصد تک گاڑیوں کی آلودگی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ دہلی کےاندرچلنے والی گاڑیاں جو ستمبر کے مہینے میں چل رہی تھیں،وہ گاڑیاں آج بھی چل رہی ہیں، لیکن اس وقت آلودگی کی سطح معمول پرتھی۔ سردیوں میں موسم تبدیل ہونے اور پرالی جلانے سے آلودگی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
پرالی جلانے کے واقعات جیسے جیسے بڑھ رہے ہیں ، اسی رفتارسے دہلی کی آلودگی کی سطح بڑھ رہی ہے۔ دوسری ریاستوں میں جو پرالی جل رہی ہے ، ان ریاستوں میں ہم کچھ نہیں کر سکتے ۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ دہلی کے حصےکی گاڑیوں کی آلودگی کو کم کیا جائے ۔ اس کے لیے ریڈ لائٹ آن گاڑی آف مہم شروع کی گئی ہے۔
مسٹررائے نے بتایا کہ مرکزی وزیر کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ ہوئی تھی،جس میں ہریانہ،پنجاب،راجستھان اور اتر پردیش کے ماحولیاتی وزراء نے بھی شرکت کی تھی ۔ ان تمام لوگوں کے سامنے پوری بات رکھی تھی ۔ ہم نے درخواست کی تھی کہ جس طرح دہلی پرالی کے مسئلے سے نمٹ رہی ہے اسی طرح دیگر ریاستیں بھی پرالی جلانے پر پابندی عائد کریں ۔ دہلی حکومت نے پوسا بائیو ڈیکمپوزر تیار کرنے سے لے کر کھیتوں میں چھرکاؤ کرنے تک کی ذمہ داری اٹھائی ہے ۔
اگر دوسری ریاستی حکومتوں نے یہ ذمہ داری قبول کی ہوتی توپرالی نہیں جلتی ۔ دیگر ریاستی حکومتوں نے ذمہ داری کو مکمل طور پر نہیں نبھایا ، جس کی وجہ سے دوسری ریاستوں میں دوبارہ پرالی جل رہی ہے۔ دہلی کے اندر فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ یہ مہم عوامی شرکتداری سے کے ساتھ آگے بڑھے گی ۔ اگر ہم سب مل کر لڑیں گے تب ہی اس آلودگی کو کم کر پائیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS