کورونا :تیسری لہر کی دستک 40فیصد معاملے بڑھے

0

نئی دہلی(ایجنسیاں) ملک میں کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کی رفتار کو دیکھتے ہوئے یہی کہاجارہا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی تیسری لہر نے دستک دے دی ہے۔ دراصل گزشتہ 3 دن سے ہندوستان میں مسلسل کورونا کے مریضوں کی تعداد 40 فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہیں۔ یہ اعداد وشمار اس لیے حیرت زدہ کرنے والے ہیں، کیونکہ انفیکشن کی یہ رفتار ہندوستان میں دوسری لہر کے دوران بھی نہیں دیکھی تھی، جب ملک میں ڈیلٹا ویرینٹ نے قہر برپا کیا تھا۔ ہندوستان میں کورونا کے روزانہ ملنے والے معاملوں کی بات کی جائے تو 27دسمبر کو 6358 معاملے تو وہیں 28 دسمبر کو یہ تعداد بڑھ کر 9195 ہوگئی۔ وہیں 29دسمبر کو 13154 معاملے درج ہوئے جو ایک دن پہلے سے 43 فیصد زیادہ رہے۔ اب 30 دسمبر کو ایک دن میں 16467 معاملے ملے ہیں، جو گزشتہ روز سے 43 فیصد زیادہ ہے۔ جمعہ کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کل 1270 معاملے رجسٹر کیے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 585 مریض صحت یاب ہونے کے بعد اس جان لیوا وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد 3کروڑ 42لاکھ 66 ہزار 363ہو گئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ایکٹو معاملے8,959سے بڑھ کر ایک بار پھر 91,361 ہو گئے۔ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98.36فیصد، ایکٹیو معاملوں کی شرح 0.26 فیصد اور اموات کی شرح 1.38 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت ر یاست کیرالہ میں ملک میں سب سے زیادہ ایکٹیو معاملے ہیں۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایکٹیو معاملے 620 سے گھٹ کر 20,525 رہ گئے ہیں۔
ریاست میں 2,879 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے شفایاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 51,76,535 ہو گئی ہے۔
اس دوران مزید 164مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 47,441ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں کیرالہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ریاست مہاراشٹر میں اسی عرصے میں 4،333ایکٹیو کیسز کے اضافے کے ساتھ فعال کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 21،906ہو گئی ہے ، جبکہ مزید 22مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1،41،518ہو گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مزید 1,013مریضوں کے کورونا سے شفایاب ہونے کے ساتھ ہی ان کی کل تعداد 65,07,330ہو گئی ہے ۔قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24گھنٹوں میں ایکٹیو کیسز 890سے بڑھ کر 3,081ہو گئے ہیں اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 14,18,227ہو گئی ہے ۔ اس دوران مرنے والوں کی تعداد 25,107پر مستحکم ہے ۔جنوبی ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں ایکیٹو کیسز 275سے بڑھ کر 6,654ہو گئے ہیں اور مزید آٹھ مریضوں کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 36,758ہو گئی ہے ۔ ریاست میں اب تک 27,02,588مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS