وزیراعظم جی، آئین کی نقل آپ کو بھیجی ہے

0

نئی دہلی :کانگریس نے 71ویں یوم جموریہ کے موقع پر اتوار کو وزیراعظم نریندرمودی کو ملک کے آئین کی نقل بھیجی اور درخواست کی کہ جب انھیں ملک  میں پھوٹ ڈالنے کے کام سے فرصت ملے تو وہ آئین کا مطالعہ کریں ۔ پارٹی نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر ٹوئیٹ کیا،’وزیراعظم جی، آئین کی نقل آپ کو بھیجی ہے اورجلد ہی یہ آپ کو مل جائیگی ۔ برائے مہربانی اسے پڑھیں ۔ نیک خواہشات کے ساتھ ،کانگریس ۔‘پارٹی نے کہا،’آئین ہرفرد کی زندگی کے تحفظ اور اسکی ذاتی آزادی کو یقینی بناتاہے ۔یہ آئین ہی ہے جو انصاف کے عمل کی اہمیت کوطے کرتاہے ۔ ملک وہی عظیم ہوتاہے ،جہاں ہم آہنگی پر مبنی اورتعصب سے پاک سماج کی تعمیر ہو۔ہ مارا آئین اسے یقینی بناتاہے ۔ ‘کانگریس نے کہا،’ہمارا آئین کسی چیزکو مسلط کرنے کے نظریہ  کی حمایت نہیں کرتا۔ ملک کے شہریوں کو اپنی  مرضی سے  مذہب کو ماننے کا حق ہے اورانھیں مجبورنہیں کیاجاسکتاہے ۔ سچا محب وطن وہی ہے ،جو حقوق کے ساتھ فرائض کی سچائی کو بھی تسلیم کرے اور ملک یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے عہدبند رہے ۔ ‘پارٹی نے کہا کہ ’خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہمارے  آئین کے معمار وں کی ترجیحات میں تھا۔ جسے آگے بھی خواتین ریزرویشن جیسے فیصلوں کے ذریعہ جاری رکھاگیا۔‘اس سے پہلے پارٹی صدر سونیا گاندھی ،سابق صدر راہل گاندھی ،سابق وزیرا عظم منموہن سنگھ ،کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت کئی سینئر رہنماؤں نے  پارٹی ہیڈکوارٹر میں آئین کی تمہید کو پڑھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS