قومی اقلیتی کمیشن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر پروگرام کاانعقاد

0

نئی دہلی:(یواین آئی)قومی اقلیتی کمیشن (این سی ایم )میں آج عیدملن کےپروگرام کے تحت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ
کےلیے’سامپردائک سوہارد سمواد‘کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پر قومی اقلیتی کمیشن کے وائس چیئرمین عاطف رشید نے کہاکہ
وزیراعظم نریندرمودی کے’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘کے خواب کو پوراکرنے کے لیے ملک کے 130کروڑ عوام میں ہم
آہنگی اور امن و آشتی کا جذبہ ہوناضروری ہے ۔
انھوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی نے ہندوستان کو علم دانش کامرکز اور وشوگروبنانے کا عہد کیاہےاور یہ کام
تبھی ممکن ہے جب ملک میں امن وبھائی چارہ قائم رہے گا۔مسٹر عاطف رشید نے کہاکہ ہندوستان سونے کی چڑیاتھااورآج وہی
سنہرادورواپس آسکتاہےبشرطیکہ ملک کے عوام باہمی اختلافات اور نفرت کو فراموش کرکے صرف ملک وسماج کی ترقی
کےلیے ملکر کام کریں ۔انھوں نے قومی اقلیتی کمیشن کی کارگزاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ کمیشن نے ہمیشہ ہی سبھی
مذاہب اور فرقوں کے درمیان اخوت اور ہم آہنگی کوفروغ دینے کاکام کیاہے اور یہ پروگرام اسی کی ایک کڑی ہے ۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے صوفی گلوکار اور بی جے پی کے رکن پارلیمان ہنس راج ہنس کے علاوہ سنٹرل
وقف کونسل کے رکن قاری ہارون اور قومی اقلیتی کمیشن کی ڈائریکٹر دھن لکشمی اور سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
این سی ایم کے وائس چیئرمین نے کہاکہ ’سامپردائک سوہاردسمواد ‘میں مسٹر ہنس راج ہنس کو مہمان خصوصی کی حیثت
سے مدعو کرنے کا مقصد مختلف مذاہب اور فرقوں کی شخصیات کو ایک دوسرے کے پروگرام میں شرکت کی ترغیب دینا ہے
تاکہ بحث ومباحثہ کے ذریعہ غلط فہمیوں اور منفی تصورات کو دورکیاجاسکے ۔
اس موقع پر مسٹر ہنس راج ہنس نے قومی اقلیتی کمیشن اور اس کے وائس چیئرمین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آج اس
طرح کے پروگرام کی اشد ضرورت ہے ۔انھوں نے کہاکہ خدا ایک ہے اور سبھی کو اسی کے پاس لوٹ کرجاناہے ۔ہم یہاں
دنیامیں کیاکرتے ہیں اس کا جواب دینا ہے ۔عبادت خدا کے لیے ہے ،اگر نہیں کی تو وہ معاف بھی کرسکتاہے لیکن کسی بندے
کا دل دکھانا بڑا گناہ ہے جسے خدابھی معاف نہیں کرسکتاجب تک وہ بندہ نہ معاف کردے ۔صوفی گلوکار نے کہاکہ اگر ہم اس
حقیت کو سمجھ لیں تو ملک میں ہرطرف خوشحالی ہوگی اور یہ ایک عظیم ملک بن جائیگا۔انھوں نے علامہ اقبال کی یہ نظم بھی
سنائی کہ سارے جہاں سے اچھاہندوستاں ہمارا۔انھوں نے کہاکہ یہ ملک آج بھی اتناہی شاندار ہے بس ہمیں اس کا اچھاشہری
بننا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ پیارومحبت سے رہنا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS