الیکشن کمیشن میں بی جے پی لیڈران کے خلاف شکایت

0

نئی دہلی:دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل متنازعہ بیانات اور الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی لیڈران دہلی اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے دوران انتخابی ماحول بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں، اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ اس لئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کے اجے ماکن اور دہلی پردیش کانگریس کے صدر سبھاش چوپڑا نے چیف الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ کس طرح سے دہلی میں ضابطہ اخلاق کا مذاق اڑایا جارہا ہے اور بی جے پی کے لیڈر اپنی تقریروں میں ماحول کو بگاڑنے اور ووٹ کے لئے پولرا ئزیشن کی سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کمیشن سے اس معاملہ میں تفصیلی شکایت کی گئی ہے۔ کمیشن نے انہیں بتایا کہ 31جنوری کو ایک میٹنگ بلائی ہے، جس میں تمام اضلاع کے حکام کو بلایا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس کمشنر اور دوسرے تمام حکام کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی۔ کمیشن نے یقین دلایا کہ دہلی میں ماحول خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کانگریس لیڈروں نے کمیشن کو بتایا کہ بی جے پی کے اسٹار تشہیر کار پرویش ورما اور انوراگ ٹھاکر انتخابی اجلاس میں قابل اعتراض تقریر کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ امت شاہ سمیت پارٹی کی اعلی قیادت جس زبان کا استعمال دہلی میں انتخابی تشہیر کے دوران گلی گلی میں جاکررہی ہے، اس سے صاف ہے کہ پارٹی فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور اسے روکا جانا ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS