سخت ٹھنڈ، آتش بازی کے درمیان نئے سال کا استقبال

0
Economictimes

بھوپال: (یو این آئی) سخت ٹھنڈ اور کورونا کی تیسری لہرکی آہٹ کے درمیان عوام نے اپنے اپنے انداز میں سال 2022 کا استقبال کیا،ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور کئی لوگوں نے آتش بازی بھی کی۔ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات کو کورونا سے متعلق ہدایات کی وجہ سے عوام سڑکوں پر ناچتے،گاتے اور ہنگامہ آرائی کرتے نظر نہیں آئے،لیکن بہت سے لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر اور محلوں میں آتش بازی کر کےنئے سال کا استقبال اس امید کے ساتھ کیا کہ گذشتہ سال کی طرح اس بار بھی تباہی سے نجات ملے گی۔ اندور، بھوپال، جبل پور اور گوالیار سمیت تمام بڑے شہروں میں گذشتہ کچھ دنوں سے کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وجہ سے رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ ہے۔ گذشتہ رات پولیس انتظامیہ نے تمام شہروں اور قصبوں میں گشت بھی تیز کر دی تھی تاکہ عوام کورونا سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی نہ کر سکیں۔ علاوہ ازیں سرد لہر کے درمیان شدید ٹھنڈ کے باعث عام زندگی بھی متاثر چل رہی ہے۔ ان حالات کے باوجود شہریوں نے نئے سال کی آمد کا جشن اپنے گھروں، محلوں یا دیہی علاقوں میں فارم ہاؤسز جیسے مقامات پر جمع ہو کر منایا۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر بھوپال، اندور، جبل پور اور گوالیار میں بھی کئی لوگوں نے پٹاخے پھوڑے ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جاننے والوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔
نئے سال کی آمد پر بہت سے لوگ مذہبی مقامات پر پہنچے اور اپنے اپنے دیوتا کے درشن اور پوجا کی۔
مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی کابینہ کے اراکین، ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ اور دیگر رہنماؤں نے نئے سال کے موقع پر شہریوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات بھیجتے ہوئے سبھی کی خوش اور صحت مند زندگی کی دعا کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS