بی جے پی ایم سی ڈی پراپرٹی بیچ کر بھاگنے کی تیاری میں

0
newindianexpress.com

نئی دہلی (ایس این بی ) : عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی کے ذریعہ ناولٹی سنیما کی زمین کو اونے ۔پونے دام پر فروخت کرنے کے فیصلے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔’آپ‘کے چیف ترجمان سوربھ بھاردواج نے جمعہ کوکہا کہ ایم سی ڈی پراپرٹی بیچ کر بھاگنے کی تیاری کر رہی ہے بی جے پی نے 150 کروڑ روپے قیمت کی ناولٹی سینما کی زمین کوصرف 34 کروڑ روپے میں فروخت کیا ہے۔ ایم سی ڈی اگر اس 1100 مربع میٹر زمین پر شاپنگ کمپلیکس بناکر دکانوں کو لیز پر دیتی، تب بھی کم از کم 300 کروڑ روپے کا منافع ہوتا۔ پارٹی ہیڈ کواٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بولی میں شامل ایسٹرائیڈ شیلٹر ہوم اور اسٹائل انٹرپرائزز کی قیمتوں میںمحض ایک لاکھ روپے کا فرق ہے۔ ایک نے 34.75 کروڑ روپے اور دوسرے نے 34.74 کروڑ روپے کی بولی لگائی ہے اور یہ کوئی اتفاق نہیں ہو سکتا۔ ان کمپنیوں سے بی جے پی لیڈروںکے روابط ہونے کے ہر ممکن امکانات ہیں۔ بی جے پی نے اس زمین کو کوڑیوں کے دام پر بیچ دیا تاکہ ایم سی ڈی سے جاتے ہوئے اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ایم سی ڈی سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس زمین کو فروخت کرنے کا فیصلہ واپس لے اور ہم ایوان میں بھی اس کی مخالفت کریں گے۔ سوربھ بھاردواج نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ان کمپنیوں کے بارے میں تحقیقات کرے جنہوں نے ناولٹی سنیما خریدنے کی بولی میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو بولی آسٹروئڈ شیلٹر ہوم پرائیویٹ لمیٹڈ اور اسٹائل انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے آئی ہیں جن میں سے ایم سی ڈی نے آسٹروڈ شیلٹر ہوم پرائیویٹ لمیٹڈ کو نولٹی سنیما دیا ہے۔ اگر آپ ان کمپنیوں کی تفتیش کریں گے تو آپ کو یقینا ان کے تار بی جے پی کے بڑے لیڈروں سے جڑے ہوئے ملیں گے اور پیسے کے لین دین کی بات بھی تھوڑی سی تفتیش میں سامنے آ سکتی ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایم سی ڈی فوری طور پر اس زمین کو فروخت کرنے کا فیصلہ واپس لے۔ یہ زمین دہلی کے لوگوں کی ہے، دہلی والوں کی زمین ہے۔ ایم سی ڈی میں بیٹھی دہلی کی بی جے پی کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ دہلی والوں کی زمین کو ایک پیسے کی قیمت پر بیچ کر بھاگ رہی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اب میونسپل کارپوریشن کے اندر بی جے پی کا خاتمہ ہو رہا ہے اور اس طرح کے بہت بڑے پلاٹ ہیں، جسے وہ بیچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس نے ناولٹی سنیما کی اس زمین کو منگل کے روز میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اندر منتقل کیا کہ آپ اسے اس قیمت پر بیچ دیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS