یوم آزادی کے پیش نظردہلی میٹرو اسٹیشن بند نہیں ہوں گے

0

نئی دہلی (یو این آئی) : یوم آزادی کے پیش نظر دارالحکومت میں حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے ہیں اور روڈ ٹرانسپورٹ نظام میں تبدیلیاں کی گئی ہیں لیکن میٹرو خدمات معمول پر رہیں گی ۔ دہلی پولیس کے ترجمان چنمے بسوال نے جمعہ کو یو این آئی کو بتایا کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ لال قلعہ اور دیگر حساس مقامات پر مناسب تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے جوانوں کے ساتھ جگہ جگہ نیم فوجی دستے نگرانی کر رہے ہیں ۔ شہر کے اہم داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ مشتبہ گاڑیوں کی تلاشی کی جاری ہے۔ نئی دہلی اور پرانے ریلوے اسٹیشنوں کے تمام داخلی راستوں پر چیکنگ کے بعد مسافروں اور ان کے سامان کی مکمل اسکریننگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
میٹرو ریل اسٹیشنوں پر پہلے سے زیادہ چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ شہر کے تمام اہم حساس مقامات پر جدید ترین ہتھیاروں سے لیس سکیورٹی اہلکاروں کو نگرانی میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہارانا پرتاپ (کشمیری گیٹ) اور سرائے کالے خان بین ریاستی بس اسٹینڈ (آئی ایس بی ٹی) پر سیکورٹی تعینات ہے۔ وہاں دہلی پولیس کے علاوہ مرکزی نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ دہلی میٹرو کے پولیس ڈپٹی کمشنر جتیندر مانی نے بتایا کہ تمام میٹرو اسٹیشن پرمعمول کے مطابق کام کریں گے ۔ کوئی اسٹیشن بند نہیں کیا جائے گا ۔ مسافر کے لئے مناسب سکیورٹی چیک کے بعد صرف ایک گیٹ سے داخل اور باہر نکلنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ نگرانی کے لیے ہر میٹرو اسٹیشن پر پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق 15 اگست کو لال قلعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب سے پہلے آس پاس کی سڑکوں پر عام گاڑیوں کی نقل و حرکت پر صبح 4 بجے سے صبح 10 بجے تک پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ صرف خصوصی پاس رکھنے والوں اور ان کی گاڑویوں کو چھوٹ دی گئی ہے ۔ صبح 10 بجے کے بعد لال قلعے اور اس کے ارد گرد عام گاڑیوں کی آمد و رفت معمول پر آجائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS