’بھارت نیائے یاترا‘کا نام ہوگیا ’بھارت جوڑونیائے یاترا‘

0
’بھارت نیائے یاترا‘کا نام ہوگیا ’بھارت جوڑونیائے یاترا‘

نئی دہلی (ایس این بی): کانگریس نے راہل گاندھی کی 14 جنوری سے شروع ہونے والی بھارت نیا ئے ترا کا نام تبدیل کر دیا ہے، اب نیا نام ’بھارت جوڑو نیا ئے یاترا‘ ہو گا۔ اس کے علاوہ پہلے اسے 14 ریاستوں سے گزرنا تھا، لیکن اب اس میں اروناچل پردیش کا نام بھی شامل کر دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب یہ یاترا 15 ریاستوں میں ہو گی۔ جمعرات کو کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے نامہ نگاروں کو یہ معلومات دی۔

کانگریس کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور مسٹر راہل گاندھی نے ایک اہم میٹنگ کی ہے، جس میں پارٹی کے ریاستی صدر اور مقننہ پارٹی کے لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ میں 2024کے انتخابات کی تیاریوں اور منی پور اور ممبئی کے درمیان مسٹر گاندھی کے سفر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک 4000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ایک طویل ’بھارت جوڑو یاترا‘نکالی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ نے پورے ملک کا ماحول بدل دیا تھا اور کانگریس کارکنوں میں نئی توانائی بھر دی تھی۔ یہ یاترا پارٹی اور ملک کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوئی تھی۔

آج کی میٹنگ میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 14جنوری سے منعقد ہونے والی راہل گاندھی کی اس یاترا کا نام ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ ہوگا۔ ’بھارت جوڑو یاترا‘ نے ملک بھر میں جو پیغام دیا ہے، ہم اس یاترا کی مدد سے اسے آگے بڑھائیں گے۔مسٹر رمیش نے کہاکہ ’راہل جی اس بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران عوام کے سامنے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف پر اپنے خیالات پیش کریں گے‘۔

بھارت جوڑو نیائے یاترا کے روٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’یہ یاترا منی پور سے ممبئی تک 14جنوری سے 20مارچ تک ہوگی۔ یاترا منی پور ایک دن میں 107کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ ناگالینڈ میں 257 کلومیٹر 2دن، آسام 833کلومیٹر 8 دن، اروناچل ریاست 55 کلومیٹر ایک دن، میگھالیہ 5کلومیٹر ایک دن، مغربی بنگال 523 کلومیٹر، بہار 425 کلومیٹر،جھارکھنڈ 804کلومیٹر، اڈیشہ 341کلومیٹر، چھتیس گڑھ 536 کلومیٹر، اتر پردیش 1,074 کلومیٹر 11دن، مدھیہ پردیش 698 کلومیٹر 7دن، راجستھان 128کلومیٹر ایک دن، گجرات 445کلومیٹر5دن اور مہاراشٹر 480 کلومیٹر 4دن میں طے کرنے کے بعد 20مارچ کو ختم ہو جائے گی‘۔جے رام رمیش نے اس دورے کے بارے میں کہا کہ بھارت جوڑو یاترا ایک برانڈ بن چکی ہے۔ یہ لوگوں کے ذہنوں میں پیوست تھی، اس لیے ہم اس کی قدر نہیں کھونا چاہتے تھے۔ اس لیے متفقہ طور پر نام میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ہم انڈیا بلاک کے رہنماؤں کو بھی یاترا میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔ اگلے 3-4 دنوں میں ہم لوگو اور تھیم سانگ لانچ کریں گے۔

جے رام رمیش نے اس یاترا کے بارے میں کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ ایک برانڈ بن گئی ہے۔ یہ لوگوں کے دماغ میں بیٹھ گئی ہے، اس لیے ہم اس کی قیمت نہیں کھونا چاہتے تھے۔ ہم نے اتفاق رائے سے نام میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ہم اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے رہنماؤں کو بھی یاترا میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ یاترا 15 ریاستوں کے 110 اضلاع سے گزرے گی اور 100 لوک سبھا سیٹوں کو کور کرے گی۔ یہ یاترا سب سے زیادہ 11 دن تک اتر پردیش میں رہے گی۔

مزید پڑھیں: کیجریوال نے ای ڈی کے سمن کو غیر قانونی قرار دیا

اس دوران 20 اضلا ع میں تقریباً 1074 کلومیٹر کا سفر طے کیا جائے گا۔ یہ یاترا یوپی میں چندولی، وارانسی، بھدوہی، الہ آباد، پرتاپ گڑھ، امیٹھی، رائے بریلی، لکھنؤ، سیتا پور، لکھیم پور، شاہجہاں پور، بریلی، رام پور، مراد آباد، میرٹھ، علی گڑھ، متھرا، آگرہ، کاس گنج سے گزرے گی۔ واضح رہے کہ اس نئی یاتراکے دوران 15 ریاستوں کے 110 اضلاع، 100لوک سبھاسیٹوں اور337اسمبلی سیٹوں کا احاطہ کیا جائے گااور6,713 کلومیٹر کی یاترا بسوں سے اورپیدل کی جائے گی۔
اس سے پہلے ’بھارت جوڑویاترا‘کنیاکماری سے کشمیر تک نکلی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS