کارتک کی طوفانی اننگز کی بدولت بنگلورو نے دہلی کو شکست دی

0

ممبئی (یو این آئی) : فارم میں چل رہے وکٹ کیپر دنیش کارتک (ناٹ آؤٹ 66) اور آل راؤنڈر گلین میکسویل (55) کی شاندار نصف سنچریوں اور تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ(28رنز دے کر 3 وکٹ) اور محمد سراج (31رنز دے کر 2 وکٹ) کی بہترین گیندبازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے ہفتہ کو آئی پی ایل کے میچ میں دہلی کیپٹلز کو 16 رنز سے شکست دی۔ بنگلورو نے 20 اووروں میں 5 وکٹ پر 189کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور دہلی کو 7 وکٹ پر 173 تک محدود کردیا۔ اس طرح بنگلورو نے 6 میچوں میں چوتھی جیت حاصل کی جبکہ دہلی کو 5میچوں میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلورو اب 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پرتھوی شا 13 گیندوں میں 16 رنز بنا کر محمد سراج کا شکار بنے ۔ ڈیوڈ وارنر نے وکٹوں کے گرنے کے درمیان 38 گیندوں پر 66 رنز میں 4 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ کپتان رشبھ پنت نے 17 گیندوں پر 34 رن میں 3چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔ پنت کو سراج کی گیند پر وراٹ کوہلی نے ہوا میں اچھلتے ہوئے ایک ہاتھ سے لپکا۔ پنت کا وکٹ 142 کے اسکور پر گرا۔ اس سے قبل مچل مارش 24 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہوئے۔ شاردول ٹھاکر 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے ۔ دہلی کا ساتواں وکٹ 156 کے اسکور پر گرا۔ اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ناٹ آؤٹ 10-10 رنز بنائے لیکن دہلی ہدف سے دور رہ گئی۔ اس سے قبل کارتک نے 34 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 66 رنز میں 5 چوکے اور 5 چھکے لگائے جبکہ میکسویل نے 34 گیندوں پر 55 رنز میں 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔ شہباز احمد نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رنز میں 3چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ 92 کے اسکور پر میکسویل کی وکٹ گرنے کے بعد کارتک اور شہباز نے چھٹی وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں 97 رنز جوڑے ۔ دہلی کی جانب سے شاردول ٹھاکر، خلیل احمد، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آر سی بی کے لیے یہ کتنا زبردست میچ تھا۔ انھوں نے آج جوابی حملے کی ایک مضبوط تعریف پیش کی۔ پہلی اننگز میں ایسا لگ رہا تھا کہ آر سی بی کی ٹیم بھی قابل احترام اسکور تک نہیں پہنچ پائے گی اور پھر فنشر کارتک آئے اور وہ ٹیم کو بڑے اسکور تک لے گئے۔ اس کے بعد ان کی ٹیم گیند بازی کے لیے باہر آئی تو ان کے گیند بازوں نے دہلی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ وارنر کی اننگز کو دیکھ کر ایک بار تو ایسا لگ رہا تھا کہ دہلی کی ٹیم ہدف تک پہنچ سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا اور ٹیم ہدف سے بہت دور رہ گئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS