ملزم کو نہیں ہے بیوی کی موت کا ملال، پوچھ گچھ جاری
احمد آباد :عائشہ سوسائڈ کیس میں اس کا شوہر عارف خان 3 دن کی پولیس ریمانڈ پر ہے۔ پولیس کی پوچھ گچھ جاری ہے، بتایا جارہا ہے کہ ملزم عارف کو اپنی بیوی کی موت کا کوئی ملال نہیں ہے۔ واضح رہے کہ عارف پر جہیز مانگنے اور عائشہ کو خودکشی پر اکسانے کا الزام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف کے کنبے کی حالت اچھی ہے۔ ان کا جالور (راجستھان) کے پاش علاقے میں عالی شان مکان ہے، 4دکانیں بھی ہیں جو کرایے پر دی گئی ہیں اس کے باوجود عارف اور اس کا کنبہ عائشہ پر جہیز کا دبائو ڈال رہا تھا۔ عارف اور اس کے والد بابو خان ایک مائننگ فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔ دونوں کی اچھی تنخواہ بھی ہے۔ عائشہ کے والد لیاقت علی کا کہنا ہے کہ عارف ان کی بیٹی عائشہ کو مائکے چھوڑ جاتا تھا اور اس سے پیسے لانے کی بات کہتا تھا۔ عارف کو گزشتہ روز ایڈیشنل چیف میٹرو کورٹ میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے پانچ دنوں کی ریمانڈ مانگی تھی لیکن تین دن کی ہی ریمانڈ منظور ہوئی۔ واضح رہے کہ عائشہ نے گزشتہ ہفتہ کو سابرمتی ندی میں کود کر خود کشی کرلی تھی۔ سوسائڈ سے پہلے ایک ویڈیو بناکر عارف کو بھیجا تھا جس کے بعد سے وہ فرار چل رہا تھا۔ عائشہ کے والد کا کہنا ہے کہ اب میری بیٹی واپس نہیں آئے گی لیکن اس گنہگار کو سزا ملنی چاہیے۔ میری بیٹی ہنس مکھ تھی لیکن نکاح کے بعد سے ہی جہیز کی مانگ نے اس کی زندگی عذاب بنا دی۔ ایک بار سسرال والوں نے تین دن تک کھانا تک نہیں دیا تھا۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے بھی اس معاملے میں سخت رد عمل کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ میں تمام لوگوں سے اپیل کررہا ہوں۔ خواہ آپ کسی بھی مذہب سے ہوں۔ جہیز کی لالچ کو ختم کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تمام مسلمانوں سے اپیل کررہا ہوں کہ اللہ کے رسولؐ نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سب سے بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔ اویسی نے کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جہیز کی لالچ ختم کرو۔ اگر تم مرد ہو تو بیوی پر ظلم کرنا مردانگی نہیں ہے، بیوی سے پیسے کا مطالبہ کرنا مردانگی نہیں ہے۔ اگر تم ایسی حرکت کرو گے تو مرد کہلانے کے لائق نہیں ہو۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS