امریکی تاجر کا تین کروڑ سے زائد کا پٹرول عوام کو مفت دینےکا اعلان

0

واشنگٹن: (یواین آئی) امریکہ میں پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے اور ایک ماہ کے دوران پیٹرول 60 سینٹ سے زائد مہنگا ہوکر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ دریں اثنا امریکی ریاست ایلینوائے کے شہر شکاگو میں ایک امریکی تاجر نے 2 لاکھ ڈالر یعنی تین کروڑ روپے سے زائدکا پٹرول مفت عوام کو دینےکا اعلان کردیا اس اعلان کے تحت شہرکے 50 اسٹیشنز پرکوئی بھی شخص 50 ڈالر تک کا پٹرول حاصل کرسکتا تھا۔ اعلان ہوتے ہی اسٹیشنز پر فری پٹرول بھروانے والوں کا ہجوم امڈ آیا،گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے اطراف کی سڑکیں بند ہوگئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں فی گیلن پیٹرول کی قیمت 4 ڈالر 63 سینٹ تک پہنچ گئی ہے۔
پٹرول مہنگا ہونےکی وجہ کورونا میں کمی کے بعد معاشی سرگرمیوں میں تیزی، روس اور یوکرین جنگ اور امریکہ میں تیل کی لائن کے ایک بڑے معاہدے کی منسوخی بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافےکے باعث الیکٹرک گاڑیوں کی طلب اور قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS