کورونا مریضوں کو فوری طور پر داخل کریں اسپتال : یوگی

0

لکھنؤ: (یواین آئی) عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لئے اتر پردیش میں آکسیجن اورریمڈیسیور سمیت دیگر ادویات کے وافر ذخائر کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ مریضوں کے علاج میں سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں لا پرواہی نہیں برتی جائے ۔ کورونا مریضوں کے علاج کے اخراجات ضابطوں کے تحت سرکا ر برداشت کرے گی۔
یوگی نے اتوار کو ٹیم 11 کے ساتھ کورونا کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 35،614 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جبکہ 25،633 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ اس طرح سے ریاست میں اب تک 7.77 لاکھ سے زیادہ افراد کووڈ انفیکشن سے نجات پا چکے ہیں ۔ یہ خوشگوار صورتحال ’ دوائی بھی کڑائی ‘ کے فارمولہ کو موثر انداز میں نافذ کرنے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈی آر ڈی او کے اشتراک سے لکھنؤ اور وارانسی میں قائم کیا جانے والا تمام سہولتات سے لیس کووڈ اسپتال بہت جلد چالو ہو جائے گا ۔ محکمہ صحت متعلقہ احکام سے رابطہ قائم کرکے ڈی آر ڈی او کو تمام وسائل مہیا کرائے ۔ ان اسپتالوں کےفعال ہونے سے ریاست کے طبی وسائل کو تقویت ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری یا غیر سرکاری اسپتال کسی بھی مریض کے علاج سے انکار نہیں کرسکتا ۔ ضابطوں کے مطابق حکومت ان کے علاج معالجے کے اخرا جات برداشت کرے گی ، لیکن مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرانی چاہئے ۔ اینٹیجن ٹیسٹ میں پازیٹوآنے والوں کو مکمل علاج مہیا کیا جانا چاہئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS