غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آن لائن اردو، فارسی اور موسیقی کلاسز کا افتتاح

0

نئی دہلی (پریس ریلیز) : غالب انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی میں یکم جولائی سے آن لائن اردو، فارسی اور موسیقی کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے۔ ان کلاسز کا مقصد اردو ، فارسی اور موسیقی کی مبادیات سے لوگوں کو واقف کرانا ہے۔ کلاسز کا افتتاح لنک لیگل کمپنی کے مینیجنگ پارٹنراتل شرما نے ایوان غالب میں یکم جولائی کو شام 5بجے کیا۔ اتل شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ زبان ہماری بنیادی ضرورت ہے، مثلاً میں پیشے سے ایک وکیل ہوں اگر مجھے اس زبان پر قابو نہیں ہوگا جس میں مجھے اپنی بات کہنی ہے یا دوسرے کو سمجھانی ہے تو میں اپنے پیشے کا حق ادا نہیں کر سکتا۔ انسان جتنی زیادہ زبانوں کو جانتا ہے اس کی شخصیت میں اتنا ہی نکھار پیدا ہوتا ہے۔ میں چوں کہ پرانی دہلی کا رہنے والا ہوں لہٰذا مجھے یہ احساس ہے کہ ہندوستانی مشترکہ کلچر کس طرح ہماری معاشرت میں رچا بسا ہے اور اسے کسی طرح ہم خود سے الگ نہیں کر سکتے۔ میں غالب انسٹی ٹیوٹ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے بیسک تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے آن لائن کورسز کا انتظام کیا اور اس میں موسیقی کو بھی شامل کیا۔ کیوں کہ موسیقی کے بغیر ہندستان کی تصویر مکمل نہیں ہوسکتی۔ اس اجلاس کی صدارت غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیاں صرف علمی مذاکروں اور سمیناروں تک محدود نہیں، بلکہ اردو، فارسی اور موسیقی کی بنیادی تعلیم کا بھی یہاں انتظام کیا جاتا ہے۔ گزشتہ کلاسز کا تجربہ بہت اچھا رہا اور طلبا کی طرف سے ہی یہ مطالبہ ہوا کہ اس طرح کے کورسز کو جاری رہنا چاہیے لہٰذا ایک بار پھر کلاسز کا آغاز ہو رہا ہے اس مرتبہ یہ کورس چار ماہ کا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ پچھلی بار کی طرح یہ کورس بھی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگا۔ عالمی سہارا کے ایڈیٹر ڈاکٹر لئیق رضوی نے اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انھوں نے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ اردو کا ایک فعال ادارہ ہے اور یہاں کی سرگرمیوں سے ہم سب واقف ہیں لیکن آج جس کورس کا آغاز ہو رہا ہے مجھے بے انتہا خوشی ہے کہ یہاں کے منتظمین نے اس ضرورت کو محسوس کیا کہ بنیادی تعلیم کے بغیر اعلیٰ تعلیم کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ میں اردو، فارسی کی کلاسز کا سلسلہ نیا نہیں ہے ، بس یہ ہے کہ بیچ میں یہ سلسلہ منقطع ہو گیا تھا اور اس کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت محسوس کی جار ہی تھی۔ پچھلی بار جن لوگوں نے اس کورس میں حصہ لیا ان کی پیش رفت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور حوصلہ بھی ملا۔ اردو، فارسی کے استاد جناب طاہر الحسن نے اور موسیقی کے استاد عبدالرحمن نے بڑی محنت سے طلبا کو تعلیم دی اور مشق کرائی ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اس بار کا سیشن بھی پہلے کی طرح کامیاب رہے گا۔ اردو فارسی کے استاد طاہرالحسن نے کہا کہ اردو ایک شیریں زبان ہے اس کے سیکھنے سے شخصیت میں کشش پیدا ہو جاتی ہے۔ موسیقی کے استاد عبدالرحمن نے کہا کہ موسیقی انسان کو انسان سے جوڑتی ہے لیکن یہ جتنی آسان دکھائی دیتی ہے اتنی آسان نہیں ہے۔ میں غالب انسٹی ٹیوٹ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے یہاں موسیقی کلاسز کا انعقاد کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS