کنہیا کمار کانگریس پارٹی میں شامل،جگنیش میوانی کا ہاتھ کو حمایت

0
image:/indianexpress.com

نئی دہلی (ایس این بی) : جے این یو طلبا یونین کے سابق صدر اور سی پی آئی لیڈر کنہیا کمار اور گجرات کے ایم ایل اے جگنیش میوانی نے آج کانگریس پارٹی کا دامن تھام لیا ۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے سامنے کنہیا کمار نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔وہیں جگنیش میوانی نے کانگریس کی آئیڈیالوجی سے وابستہ ہونے کا اعلان کیا۔اس سے پہلے کنہیا دہلی کے آئی ٹی او واقع شہید اعظم بھگت سنگھ پارک پہنچے۔ یہاں بھگت سنگھ کے مجسمہ پر گلپوشی کرنے کے بعد راہل گاندھی سے ملاقات کی۔اس موقع پرکنہیاکمار نے کہا کہ ملک ایک سنگین خطرے سے گزر رہا ہے، اس لیے ملک کو بچانے کیلئے ’سب سے پرانی اور جمہوری پارٹی کانگریس‘ کوبچانا ضروری ہے۔ کنہیا کمار نے یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس نے ہندوستان کی غور و خوض کی روایت اور سوچ کو آگے بڑھانے کا کام کیا ہے اور آج یہ چیزیں خطرے میں ہیں، اس لیے وہ انہیں بچانے کیلئے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ ملک گاندھی ، نہرو ، بھگت سنگھ ، امبیڈکر ، مولانا آزاد ، جیوتیبا پھولے کا ہے جسے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کانگریس کو بڑا جہاز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسے نہ بچایا گیا تو چھوٹی کشتیاں بچ نہیں پائیں گی۔ ملک میں ایک نظریاتی جدوجہد چھڑی ہے ، صرف کانگریس ہی اس کی قیادت کر سکتی ہے ، اگر کانگریس بچے گی تو لاکھوں کروڑوں نوجوانوں کی امیدیں بچیں گی۔ آئیڈیالوجی کی تنگ نظری کو توڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک 1947 سے پہلے کے دور میں پہنچ چکا ہے ۔ ملک ہم سب کا ہے ، اس لیے اسے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
گجرات کے آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے واضح کیا کہ وہ کانگریس کی آئیڈیالوجی میں شامل ہو چکے ہیں لیکن وہ ابھی ٹیکنیکلی اس پرانی پارٹی کے ساتھ بہ ضابطہ وابستہ نہیں ہوئے ہیں۔ مسٹر میوانی نے کہا ، ‘میں نے تکنیکی طور پر ابھی تک پارٹی میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار نہیں کی ہے لیکن کانگریس کی آئیڈیالوجی سے وابستہ ہو چکا ہوں’۔انہوں نے کہا کہ ایک نئی تحریک شروع ہونے والی ہے ، سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا ، تبھی ملک بچے گا۔ ساتھ مل کر لڑیں گے اور ملک کو بچائیں۔ پورے ملک میں جائیں گے اور لوگوں کو جوڑیں گے ’۔راشٹریہ دلت ادھیکار منچ کے کنوینر جگنیش میوانی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گجرات سے شروع ہونے والی کہانی ، گذشتہ چھ سات سالوں میں جو تباہی مچی ہے وہ سب کے سامنے ہے ۔ اس وقت آئین خطرے میں ہے ، کچھ بھی کر کے ہمیں آئین کو بچانا ہے ، اس کے لیے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے ملک کی آزادی کی جنگ لڑی۔آئیڈیا آف انڈیا کو بچانا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS