نئی دہلی : (یو این آئی) سپریم کورٹ نے ای کامرس شعبے کی معروف کمپنیوں ایمیزون اور فلپ کارٹ کو بڑا دھچکہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کی جانچ میں مداخلت سے انکار کردیا۔
مسابقتی قانون کی خلاف ورزی کے لئے دونوں کمپنیوں کے خلاف سی سی آئی کی جانچ چل رہی ہے۔
چیف جسٹس این وی رمن،جسٹس ونیت سرن اورجسٹس سوریہ کانت کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکارکردیا۔ تاہم عدالت دونوں کمپنیوں کوجانچ میں شامل ہونے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔
دونوں کمپنیوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ہائی کورٹ نےغیر مسابقتی کاروبار کے لیے دونوں کمپنیوں کےخلاف سی سی آئی کی جانب سے شروع کی گئی ابتدائی تفتیش (پی ای) میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
جسٹس رمن نے سماعت کے دوران کہا،”ہمیں (ہائی کورٹ کے) حکم میں مداخلت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ (جانچ میں شامل ہونے کا) وقت 9 اگست ختم ہو رہا ہے،ہم چار ہفتوں کی توسیع کررہے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایمیزون اور فلپ کارٹ جیسی بڑی کمپنیاں رضاکارانہ طور پرجانچ میں شامل ہوں گی۔
سینئر ایڈوکیٹ گوپال سبرامنیم نے ایمیزون کی جانب سے دلائل پیش کیں جب کہ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی فلپ کارٹ کی جانب سے پیش ہوئے۔ سی سی آئی کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا پیش ہوئے۔