سفر حج ہند-سعو دی عرب کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات کا اہم حصہ:مختار عباس نقوی

0
hindustantimes.com

نئی دہلی، (ایس این بی ) : مرکزی وزیر اقلیتی امورمختارعباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستان میں صد فیصد ڈیجیٹل،آن لائن حج انتظامات کی بنا پرحج سبسڈی کے خاتمہ کے باوجود ہندوستانی عازمین حج پرغیرضروری اقتصادی بوجھ نہیں پڑا ہے۔
جمعہ کوقونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ (سعودی عرب) کے زیر اہتمام منعقدہ 75سالہ ہندوستان-سعودی عرب کے سفارتی تعلقات اور ہندوستان کی آزادی ک75 سالہ’امرت مہوتسو‘جشن کے پروگرام کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ سفر حج ہند- سعو دی عرب کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ اس موقع پرمختار عباس نقوی نے کہا کہ ہندوستان سفر حج کے مکمل عمل کو صد فیصد ڈجیٹل اور آن لائن کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے ۔ ڈیجیٹل آن لائن حج سسٹم کی وجہ سے حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود عازمین حج پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑا ہے اور2019 میںہندوستان سے ریکارڈ دو(2) لاکھ مسلمان حج سبسڈی کے بغیر سفر حج پر گئے۔
نقوی نے کہا کہ ڈیجیٹل،آن لائن سسٹم کی وجہ سے حج کا پورا عمل شفاف اور آسان ہوا ہے۔ آن لائن درخواست،ای۔ویزا، حج موبائل ایپ ، حاجیوں کے سامان کی ڈیجیٹل پری ٹیگنگ ، ای۔ مسیحا صحت کی سہولت ، حج گروپ کے منتظمین کے لئے پورٹل وغیرہ کے انتظام کے ذریعہ ہندوستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات ملی ہیں۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ 2018سے ہندوستان کی مسلم خواتین کو ’محرم‘(مرد رشتہ دار) کے بغیر حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کو ہندوستان اور دیگر ممالک میں زبردست سراہا گیاہے۔ 2018 سے ابھی تک تقریباً3500 خواتین نے ’محرم‘کے بغیر سفر حج ادا کیا ہے۔ ان خواتین کو لاٹری سسٹم سے باہر رکھا جاتا ہے۔ ان خواتین حاجیوں کی مدد کے لئے ہندوستان سے خواتین افسران اور معاونین بھیجے جاتے ہیں۔
نقوی نے اس موقع پرہندوستان کے حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے خادم حرمین شریفین ہز میجسٹی کنگ سلمان بن عبد العزیز السعود اور سعودی عرب کے کرائو ن پرنس ہز رائل ہائی نس محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے حج 2021کے دوران ہندوستان سے حجاج کرام حج پر نہیں جا رہے ہیں۔نقوی نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب عالمی امن ، ترقی اور خوشحالی کے نظریات میں برابر کے شریک ہیں۔ دونوں ممالک مضبوط تاریخی ، ثقافتی ، معاشی اور سفارتی تعلقات سے وابستہ ہیں۔ سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ افسران کے طے شدہ باضابطہ دو طرفہ دوروں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔ اکتوبر 2019میںہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی اور نئی بلندیاںعطا ہوئی ہیں۔
مختار عباس نقوی نے ہندوستان کی حج کی ایجنسیو ں کو مکمل تعاون دینے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور دیگر ایجنسیوں شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید ، چیئر مین جنوب ایشیا مئوسسہ ، ہز ایکسیلینسی رفعت اسمٰعیل بدر، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر ایم اے خان، ابراہیم سیف الدین (بوہرہ رباط ) اور ہنداور سعودی عرب کے دیگر اعلیٰ افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل ہوئے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS