’آر ایس ایس کی جانب چلے جائیے، ہمیں آپ کی ضرورت نہیں‘:راہل گاندھی

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ جو لوگ حقیقت اور بی جے پی کا سامنا نہیں کر سکتے وہ پارٹی چھوڑ سکتے ہیں اور نڈر لیڈروں کو کانگریس میں لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کانگریس کے سوشل میڈیا محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ ڈجیٹل پروگرام میں جیوترادتیہ سندھیا کی مثال دی اور کہا کہ جو لوگ ڈرے ہوئے تھے وہ کانگریس سے باہر چلے گئے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’بہت سارے لوگ جو ڈرے ہوئے نہیں ہیں لیکن کانگریس سے باہر ہیں، ایسے سبھی لوگ ہمارے ہیں۔ انہیں اندر لائیے اور جو ہماری پارٹی میں ہیں اور ڈرے ہوئے ہیں انہیں باہر کرنا چاہیے۔‘
کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے اس بات پر زور دیا کہ’یہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لوگ ہیں اور انہیں باہر جانا چاہیے، انہیں آنند لینے دیجیے، ہم انہیں نہیں چاہتے ہیں،ان کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں نڈر لوگوں کی ضرورت ہے، یہی ہمارا نظریہ ہے،یہی آپ لوگوں کو میرا بنیادی پیغام ہے۔‘
سندھیا کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’انہیں اپنا گھر بچانا تھا، وہ ڈر گئے اور آئی ایس ایس کے ساتھ چلے گئے۔‘ راہل گاندھی کا تبصرہ اس معنی میں اہم ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں کانگریس کے کئی لیڈر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ ان میں سندھیا اور جتن پرساد اہم ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ کانگریس کے سابق صدر نے پارٹی کے سوشل میڈیا محکمہ کے 3,500 کارکنوں کو ’زوم‘کے توسط سے خطاب کیا۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی نے اس دوران تقریباً 10 نوجوان کارکنوں کے ساتھ بات چیت کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS