مسلمان داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کامقابلہ کریں: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

0

نئی دہلی: مسلمانوں سے داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کامقابلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ ا س وقت ملک کے حالات بڑے نازک ہیں،لیکن مسلمانوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ اس سے بھی زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں-
انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سوشل میڈیاڈیسک کی جانب سے جاری ہونے والے پندرہ روزہ آن لائن خطبات سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“آغاز کرتے کہا کہ مسلمانوں کو پریشان ہونے کے بجائے ہمت اور حکمت کے ساتھ موجودہ حالا ت کے مقابلے کے لیے فکر مند ہوناچاہئے اور مناسب تدبیر اختیار کرنی چاہئے، بطور خاص ملک کے ہرایک فرد تک حق کا پیغام پہنچانا چاہئے،اور داعیانہ کردارکے ساتھ زندگی گزارناچاہئے،یہ ہمارادینی اور ایمانی فریضہ ہے اور وقت اور حالات کااہم تقاضہ بھی!ا-
انہوں نے ملک کے تمام باشندوں کوانسانیت کاپیغام دیااورانہیں اس جانب توجہ دلائی کہ کوئی بھی ملک انسانیت اور اخلاق کے ذریعے ترقی کرتا ہے،ہمارا یہ ملک مختلف مذاہب اور مختلف طبقات کاگہوارہ ہے،یہ ملک اسی صورت میں ترقی کر سکتاہے جب تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کو اپنا سمجھیں،ایک دوسرے کے ساتھ اچھاسلوک کریں،اور باہم مل جل کرزندگی گزاریں۔ موصوف نے یہ بات بھی کہی کہ مسلمان ملک کی ترقی چاہتے ہیں،وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کا بھلاچاہتے ہیں اور دوسروں سے بھی اپنے ساتھ حسن سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔
اس موقع پر اپنے ایک بیان میں آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینرمولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر محترم کایہ فکر انگیز خطاب ایسا ہے جسے ہرمسلمان کوغور سے سنناچاہئے اور اس پر عمل کرنا چاہئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آل انڈیامسلم پر سنل لا بورڈ نے سوشل میڈیا ڈیسک قائم کر کے اس با ت کی کوشش کی ہے کہ مسلمانان ہند کو بورڈ کی سرگرمیوں سے واقف کروایا جائے اور مسلم پرسنل لا بورڈ، تحفظ شریعت، وحدت ملت اور اصلاح امت کا جوگراں قدر کارنامہ انجام دے رہاہے،اسے ملک میں بسنے والے لوگوں تک پہنچایاجائے،مختلف سوشل اکاؤنٹس کے ذریعے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے پیغام کوعام کیاجائے اورمسلمانوں میں پھیلی ہوئی سماجی برائیوں کی نشاندہی اور ان سے دور رہنے کی تلقین کی جائے۔اللہ کی مہربانی ہے کہ سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے کئی اہم سلسلے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اورلو گ ان سے بڑی تعدادمیں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اب ڈیسک کی جانب سے ایک نیااور اہم سلسلہ آن لائن خطبات بنام ”سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“کا شروع کیا جارہا ہے،جس کاافتتاح گذشتہ شب حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کیا۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ اگلاخطاب آل انڈیامسلم پر سنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری امیر شریعت حضرت مولانا سید محمدولی صاحب رحمانی کاہوگا،جو ملک کے موجودہ حالات میں چشم کشا اور بصیرت افرو ز ثابت ہوگا۔اپنے بیان کے آخر میں مولانامحمد عمرین محفوظ رحمانی نے اس بات کی گذارش کی ہے کہ مسلمانان ہند سوشل میڈیا ڈیسک سے جڑیں اورآل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے پیغام کودیر تک اور دورتک پہونچائیں-

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS