سری نگر (ایجنسیاں): جموں وکشمیر کی لوک سبھا سیٹوں پرالیکشن لڑنے سے متعلق کانگریس اورنیشنل کانفرنس کے درمیان سیٹ شیئرنگ ہونی ہے، جس سے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔ پہلے دور کی بات چیت دہلی میں ہوئی جو کہ بے نتیجہ رہی۔ حالانکہ نیشنل کانفرنس کے لیڈرعمرعبداللہ نے کہا کہ امید ہے کہ دوسرے دور کی بات چیت میں سیٹ شیئرنگ ہوجائے گی۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ دہلی میں ہوئی میٹنگ میں کانگریس نے ایک تجویز رکھی تھی جسے ہماری پارٹی کے سینئرلیڈران نے منظور نہیں کیا۔ وہیں، فاروق عبداللہ نے کہا کہ انڈیا الائنس کو مضبوط کرنے کیلئے کانگریس کے ساتھ لڑیں گے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی میں لوگ آئیں گے اور جائیں گے، اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہ الیکشن میں ہوتا ہے۔ اس کا اثر ہم پرنہیں ہونے والا ہے۔ ہمیں اپنا الیکشن لڑنا ہے، اپنے دم پرلڑنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہمیں کانگریس کے ساتھ الیکشن لڑنا ہے۔ عمرصاحب (عمرعبداللہ) بات کر رہے ہیں۔ کچھ دنوں میں یہ فیصلہ ہوجائے گا۔ ہم ساتھ لڑیں گے۔ جو گروپ (انڈیا الائنس) بنا ہوا ہے، اس کو مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔ اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو ہم اپنے وطن کو مصیبت میں ڈال دیں گے۔
بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا، یہ لوگوں کو طے کرنا ہے کہ لوگ ان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، جنہوں نے ہمارا سب کچھ لوٹ لیا۔ خدا جانے آگے کیا کریں گے۔ خبردار رہئے۔ اسمبلی الیکشن بھی ہوں گے، ایسی امید کرتے ہیں۔ جب پارلیمانی الیکشن لڑسکتے ہیں تو اسمبلی الیکشن کیوں نہیں لڑسکتے۔
مزید پڑھیں: مارچ کے پہلے ہفتے میں CAA کا نفاذ ممکن
دوسری جانب، عمرعبداللہ نے میڈیا سے بات چیت میں سیٹ شیئرنگ سے متعلق بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور کی بات چیت ہوئی ہے۔ ایک تجویز جو کانگریس کے ذریعہ رکھی گئی ہے، جس پر تبادلہ خیال کی ضرورت ہے۔ ایک تجویزجو انہوں نے دیا تھا، اسے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران نے قبول نہیں کیا ہے۔ اگلے دور کی بات چیت ہوگی۔ ہمارے پاس لداخ سمیت صرف 6 سیٹیں ہیں۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ نیشنل کانفرنس کی تین سیٹ جموں، اودھم پور اورلداخ ہمیں چاہئے۔ اگلے دور کی بات چیت میں سیٹ شیئرنگ پر بات ہوجائے گی۔